غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ، درخواست میں وفاقی حکومت ،لیسکو سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ جوڈیشل ایکٹیوازم پینل کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی، درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ملک میں 40 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے، اس وقت 28 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، شہروں میں 6 سے 8 گھنٹے جبکہ دیہات میں 10 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈ کی جا رہی ہے۔درخواست گزار نے کہا کہ کاروبار پہلے ہی تباہ ہو چکے ہیں، لوڈ شیڈنگ سے کاروبار مزید تباہ ہوں گے، درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا حکم دے۔ واضح رہے کہ گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت اور ہیٹ ویوز نے شہریوں کی زندگی پہلے ہی اجیرن کر رکھی ہے اوپر سے غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ جلتی پر تیل کا کام کر رہی ہے۔