فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف مسلسل آواز بلند کرنے والی فلسطینی نژاد معروف امریکی سُپر ماڈلز جیجی حدید اور بیلا حدید نے مظلوم فلسطینی خاندانوں سے اظہار ہمدری و یک جہتی کرتے ہوئے بھاری رقم عطیہ کردی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی نژاد معروف امریکی سُپر ماڈلز نے فلسطین میں بچوں اور خاندانوں کی کفالت کے لیے 1 ملین ڈالرز کا عطیہ دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں بہنوں نے اجتماعی طور پر 4 مختلف فلاحی تنظیموں، جو مظلوم فلسطینی خاندانوں کی امداد میں سرگرم عمل ہیں، کو مساوی رقم عطیہ کی ہے۔
یہ تنظیمیں فلسطینی خاندانوں کے لیے انسانی امداد جیسے خوراک اور طبی سہولتیں، بے گھر خاندانوں کی امداد اور اسرائیل کی جانب سے مسلسل فلسطینیوں کی نسل کشی کے دوران ان کے لیے نفسیاتی خدمات بھی انجام دیں گی۔
خیال رہے کہ فلسطینی نژاد معروف امریکی سُپر ماڈلز بہنوں کی جانب سے یہ عطیہ فرانس کے شہر کانز میں جاری فلم فیسٹیول کے بعد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران بیلا حدید نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کوفیہ کے ڈیزائن والا لباس زیب تن کیا تھا اور وشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا تھا۔
اس سے قبل جیجی حدید نے بھی غزہ میں جاری مظالم پر اظہار خیال بذریعہ سوشل میڈیا پیش کرتی رہی ہیں۔