پاکستان ٹریول اینڈ ٹورازم کی عالمی رینکنگ میں 20درجے ترقی کے ساتھ 101 ویں نمبر پر پہنچ گیا

Jun 01, 2024 | 16:32

ویب ڈیسک

پاکستان ٹریول اینڈ ٹورازم کی عالمی رینکنگ میں 20درجے ترقی کے ساتھ 101 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ہے جہاں برف پوش پہاڑ، جھرنے، آبشار اور دلکش سر سبز وادیاں سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتی ہیں وہیں حسین اور طویل سحرا کا طلسماتی حسن بھی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔

عالمی اقتصادی فورم نے ٹریول اینڈ ٹورازم کی نئی عالمی درجہ بندی کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستان کی رینکنگ میں 20 درجے بہتری ہوئی ہے۔

پاکستان کو لوئر مڈل انکم معیشت قرار دیتے ہوئے ایشیا اور بحرالکاہل کے گروپ میں رکھا تھا، جس میں امریکا، اسپین، جاپان، فرانس، آسٹریلیا، جرمنی، برطانیہ، چین، اٹلی اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔

پاکستان 20 درجے ترقی کے ساتھ 101 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، رواں سال 2024 میں پاکستان کا اسکور 3.6 ہو گیا، 2019 میں اسکور 3.41 ایک تھا۔

مشال پاکستان کے چیف ایگزیکٹو افسر عامر جہانگیر کا رپورٹ کے اجرا کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری سے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے کوششوں کی عکاسی ہو رہی ہے، اس سلسلے میں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر اداروں کا کردار قابل تعریف ہے۔

یاد رہے کہ ٹریول اینڈ ٹورازم کی عالمی جی ڈی پی میں سرفہرست 10 ممالک کا حصہ 75 فیصد کے قریب ہے، ایشیا اور بحرالکاہل کے گروپ میں پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

مزیدخبریں