پاکستان کو موخر ادائیگی پر 80 ہزار بیرل تیل روزانہ دینے کی ایرانی پیشکش

اسلام آباد (رائٹرز + آئی این پی) ایران نے پاکستان کو 80 ہزار بیرل تیل یومیہ تین ماہ م¶خر ادائیگی کے منصوبے کے تحت دینے کی پیشکش کی ہے تاکہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ ایران کی طرف سے یہ پیشکش اس کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے جب پاکستانی حکام نے بتایا تھا کہ ایران نے لاکھوں ٹن گندم بارٹر سسٹم کے تحت مانگی ہے۔ پاکستانی وزارت پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے ترجمان عرفان قاضی نے بتایا کہ ابھی یہ محض ایک پیشکش ہے اور اس پر عملدرآمد کیسے ہو گا ہم نہیں جانتے۔ اس حوالے سے تفصیلات طے کرنے کے لئے پاکستانی وفد مارچ کے وسط تک ایران کا دورہ کرے گا، پاکستان ایران کی طرف سے گندم لینے پر ایرانی کھاد اور خام لوہا درآمد کرے گا۔ پاکستان نے بلوچستان کے مکران ڈویژن کےلئے ایران سے 70 میگاواٹ بجلی کی درآمد شروع کر دی جس کے بعد مکران ڈویژن کو لوڈشیڈنگ سے پاک قرار دے دیا گیا۔ منگل کو وزارت پانی و بجلی کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایران سے 70 میگاواٹ بجلی کی درآمد ٹرانسمیشن لائنز کی استعداد میں اضافے کے بعد شروع کی گئی اور یہ بجلی مکران ڈویژن میں گوادر بندرگاہ‘ ضلع گوادر‘ تربت‘ پنجگور‘ مند اور دیگر علاقوں کو فراہم کی جا رہی ہے، اس سے قبل پاکستان ایران سے 35 میگاواٹ بجلی حاصل کرتا تھا۔
ایران پیشکش

ای پیپر دی نیشن