لاہور(کامرس رپورٹر) کاروباری برادری کو ڈبلیو ٹی او قوانین کے متعلق شعور و آگہی اور اُن طریقوں کے متعلق مکمل معلومات ہونی چاہئیں جو اُن کے کاروباروں کو ڈمپنگ کے اثرات سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ یہ بات مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کاروبار کو محفوظ رکھنے کے طریقے اور برابری کی صورتحال کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار کا انعقاد لاہور چیمبر نے صوبائی انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ کے ڈبلیو ٹی او سیل کے اشتراک سے کیا تھا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ نے سیمینار کی صدارت کی جبکہ ڈاکٹر شجاعت علی، ناصر رفیق، محمد عبدالخلیق، محمد ارشد اور جمیل اے ناز نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر شجاعت علی نے کہا کہ ٹریڈ اینڈ کامرس کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ عرفان اقبال شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقامی صنعتوں کا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے ، حکومت اُن تمام معاملات پر گہری نظر رکھے جن کی وجہ سے مقامی صنعت کے مفادات کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔