اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل آزادانہ اور شفاف انتخابات میں ہی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے وفاقی وزیر خورشید شاہ کی طرف سے رخصت ہونے والے ارکان اسمبلی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب میں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابات وقت پر کروانے متفق ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پرامن انتقال اقتدار ہو گا۔ نگران وزیراعظم کیلئے اپوزیشن لیڈر کو خط لکھا ہے، جواب کا انتظار ہے۔ الیکشن ملتوی ہونے کی افواہوں کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔ ملک میں ہر حال میں الیکشن ہونگے۔ توقع ہے اتفاق رائے سے معاملات آگے بڑھیں گے۔ نگران وزیراعظم کا معاملہ چیف الیکشن کمشن تک نہیں جائے گا۔ نگران وزیراعظم کے معاملے پر اپوزیشن سے اتفاق کر لیں گے۔ دریں اثناءوزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ روس علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کا ذریعہ ہے اور اس کی بڑھتی ہوئی طاقت آج کی مختلف النوع دنیا میں مثبت پیشرفت ہے۔ روس اہم عالمی طاقت ہے اور علاقائی اور عالمی امن کیلئے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ روس سے مضبوط شراکت داری پر قومی اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ دوطرفہ تجارت میں مزید اضافہ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں روسی فیڈریشن کی معاونت کی قدر کرتے ہیں۔ توانائی کے شعبے میں بھی روس کی دلچسپی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بات روس کی وفاقی اسمبلی کی کونسل کی سربراہ ویلینٹنیا میٹ وینکو کی سربراہی میں ملاقات کےلئے آنے والے پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور معاشی تعاون میں کافی وسعت آئی ہے۔ پاکستان روس کی جانب سے پاکستان کے توانائی کے سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں روس کی حمایت اور مدد کی قدر کرتا ہے۔ روسی وفد کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان روس کا اہم شراکت دار ہے۔ پارلیمانی وفد کے تبادلہ سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ کونسل کی چیئرپرسن نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔ بعدازاں روس کا پارلیمانی وفد واپس اپنے وطن روانہ ہو گیا۔ چکلالہ ائیر بیس پر وفد کو سینیٹر روبینہ خالد اور سینٹ کے اعلیٰ حکام نے الوداع کیا۔ اس موقع پر روس کے سفارتخانے کا عملہ بھی موجود تھا۔ قبل ازیں سید نئیر حسین بخاری نے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ اس موقع پر خطاب میں نئیر بخاری نے کہا کہ پاکستانی قیادت دو طرفہ تعاون کو بڑھانے اور پارلیمانی سطح پر روابط کو مزید استحکام دینے کی خواہاں ہے۔ عشائیہ میں سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کے علاوہ سینیٹرز اور ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے چیئرمین نادرا طارق ملک کو ہدایت کی ہے کہ ابھی تک رجسٹر نہ ہونے والے تمام شہریوں کو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ عام انتخابات میں کوئی شخص ووٹ ڈالنے کے اپنے حق سے محروم نہ رہے۔ وہ گزشتہ روز یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں چیئرمین نادرا سے بات چیت کر رہے تھے۔
وزیراعظم
الیکشن ہر حال میں ہونگے‘ نگران وزیراعظم کیلئے اپوزیشن لیڈر کے جواب کا انتظار ہے : پرویز اشرف
Mar 01, 2013