بیجنگ (آن لائن) چین کی وزارت دفاع نے پاکستان کی گوادر پورٹ چین کے حوالے کرنے کے فیصلے کو دونوں ملکوں کے مفادات کے تحت ایک اہم اقتصادی واقعہ قرار دیا ہے۔ فوجی ترجمان نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا بعض ممالک کی طرف سے اس معاملے پر دی جانے والی آراءحقائق سے انحراف اور دونوں ملکوں کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔ وزارت قومی دفاع کے ترجمان گانگ یان شانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ آزمودہ تعلقات ہیں اور انہوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے چین پاکستان میں تجارتی معاشی اور اقتصادی شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور آنے والے وقت میں یہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ وزارت امور خارجہ کے ایک اہلکار لوزاﺅ ہوئی نے کہا کہ بندرگاہ کا چین کے حوالے کیا جانا دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں ایک اہم پیش رفت ہے اور اس سے باہمی مفید تعاون بڑھے گا۔
چینی وزارت دفاع