کراچی بلیوز نے سیالکوٹ کو 9 وکٹوں سے ہرا کر قائداعظم ٹرافی جیت لی

Mar 01, 2013


لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام کھیلا جانے والا قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کراچی بلیوز کی ٹیم نے جیت لیا ہے۔ میچ کے چوتھے روز سیالکوٹ ریجن نے اپنی دوسری اننگز 189 رنز پانچ کھلاڑی سے شروع کی۔ بقیہ پانچ وکٹیں آخری روز ٹوٹل میں مزید 59 رنز کا اضافہ کر سکیں۔ محمد ایوب 69 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں منصور امجد نے 60 رنز بنائے۔ کراچی بلیوز کی جانب سے طارق ہارون نے پانچ جبکہ انور علی اور اکبر الرحمان نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ کراچی بلیوز کی ٹیم کو جیت کے لیے 50 رنز کا ہدف ملا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 7.5 اوورز میں پورا کر کے میچ 9 وکٹوں سے جیت لیا۔ آخر میں کراچی بلیوز کے اکبر الرحمان کو فائنل اور ٹورنامنٹ کا بہترین بلے باز، عاطف مقبول بہترین باولر، تیمور علی بہترین فیلڈر، نعیم انجم بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد تھے جنہوں نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور 15 لاکھ روپے نقد جبکہ رنراپ سیالکوٹ ٹیم کو 10 لاکھ اور رنراپ ٹرافی دی۔

مزیدخبریں