کوئی فیورٹ نہیں‘ قومی ٹیم ٹی ٹونٹی ‘ ون ڈے سیریز میں اچھا کھیلے گی : میانداد

Mar 01, 2013


لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد نے کہا ہے کہ قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں ہونے والی شکست کو بھلا کر میدان میں اترے۔ ٹی ٹونٹی کے مختصر فارمیٹ میں کسی ایک ٹیم کو فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی تقسیم انعامات تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ میچوں میں وہ ٹیم کامیابی حاصل کرے گی جو کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔ ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کو جو شکست ہوئی ہے اسے پس پشت ڈال کر اگلی دونوں سیریز کے لئے اچھی منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کا ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ٹریک ریکارڈ اچھا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ کھلاڑی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں ہونے والی شکست کو بھلا کر میدان میں اتریں۔

مزیدخبریں