لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں نے زرعی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ منتیں اور ترلے کر کے مطالبات منوانے کا وقت گزر چکا، کسانوں کو منظم کر کے پورے پاکستان میں بزور بازو کسانوں کے مسائل حل کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر کسان بورڈ پاکستان سردار ظفر حسین خان نے منصورہ میں منعقدہ ملک گیر کسان تربیتی وکشاپ کے آخری روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت کھاد، ڈیزل، گیس، بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے زراعت گھاٹے کا سودا بن چکی ہے۔ اب حکومت انڈیا کے ساتھ تجارت کی باتیں کر رہی ہے۔ پاکستان کے کسانوں کو بھارت کے برابر سبسڈی اور مراعات دی جائیں بصورت دیگر تجارت سے پاکستان کی ناصرف زراعت بلکہ صنعت بھی تباہ ہو جائے گی۔