ملتان(الطاف حسین سے) پاکستان فلم انڈسٹری کی مایہ ناز ادارکارہ نغمہ بیگم نے اپنے سابقہ شوہر فلمسٹار حبیب کے نجی چینل کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران اس بیان کی سختی سے تردید کی ہے کہ ان کے درمیان علیحدگی میں (نغمہ) کا قصور تھا۔ نغمہ بیگم نے نوائے وقت کو فون کر کے بتایا کہ وہ ایک پرانے دور کی مشرقی خاتون ہیں اور پرانے رسم و رواج کی قائل ہیں۔ میں نے شادی کے بعد کبھی حبیب سے نہیں کہا تھا کہ وہ میرے میکے گھر میں رہیں اور اپنے والدین کا گھر چھوڑ دیں ۔ ناراض ہو کر میکے آئی تو اس نے مجھے طلاق بھجوا کر شادی رچا لی۔ حبیب نے تو ابھی تک مجھے میرا حق مہر ہی نہیں دیا اور یہ تمام حقائق وہ حبیب کے سامنے بھی بتانے کیلئے تیار ہیں۔ فلمسٹار حبیب نے کہا ہے کہ انہوں نے فلمسٹار نغمہ بیگم کو صرف اس لئے طلاق دی تھی کہ مجھے اپنے گھر میں رکھنے کیلئے کہتی تھیں میں نے انکار کر دیا تاہم وہ انتہائی باکردار خاتون ہیں۔ بھارت کے اداکاروں کا پاکستانی اداکاروں سے کوئی مقابلہ نہیں پاکستانی اداکار انتہائی باصلاحیت ہیں ۔ سنسر بورڈ کو پاکستانی اور بھارتی فلموں کیلئے ایک ہی معیار رکھنا چاہئے ۔ حکومت نے ان سے سندھ کی رسوم پر بننے والی دو فلمیں خرید کیں ان کا معاوضہ آج تک انہیں نہیں ملا۔