لاہور (کلچرل رپورٹر) لکشمی چوک کے قریب مشن روڈ پر واقع ناز تھیٹر آگ لگنے سے مکمل طور پر جل گیا۔ آگ لگنے سے ہال میں موجود کرسیاں، سٹیج، ساﺅنڈ سسٹم اور گرین رومز مکمل طور پر جل گئے۔ آگ کے شعلے اس قدر بلند تھے کہ تھیٹر کی چھت بھی جل گئی تا ہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ناز تھیٹر پہلے سینما تھا، 2003ءمیں یہ تھیٹر میں تبدیل ہوا ۔ناز تھیٹر کے مالک حکیم ملک داﺅد نے بتایا کہ 6 ماہ قبل ناز تھیٹر کی تزئین و آرائش کرائی گئی نیا فرنیچر، نیا سٹیج اور نیا ساﺅنڈ سسٹم نصب کیا گیا۔ آگ لگنے سے یہ سب کچھ جل کر خاکستر ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ نقصان کا اندازہ ایک کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات کو ڈرامے کا شو ہوا تھا صبح 9 اور دس بجے کے درمیان اہل محلہ کو پتہ چلا کہ تھیٹر میں آگ لگی ہے انہوں نے ہال میں سوئے ہوئے ملازمین کو جگایا۔ ناز تھیٹر میں زیر نمائش ڈرامہ ” مس کال “ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اجمل ملک نے کہا کہ رات کو ڈرامے کا شو ہوا۔ تھیٹر اور ہال بالکل ٹھیک تھا صبح آکر دیکھا تو وہاں کچھ نہیں بچا تھا۔
ناز تھیٹر جل گیا
لاہور: لکشمی چوک کے قریب ناز تھیٹر آتشزدگی سے مکمل طور پر جل گیا
Mar 01, 2015