اسلام آباد + پشاور+ کوئٹہ (ایجنسیاں+ بی بی سی) سکیورٹی فورسز اور پولیس نے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں سرچ آپریشن کے دوران 192 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ آپریشن جی 15، ایف 18، ای 11اور گردونواح میں کیا گیا۔ مزید برآں پشاور پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 60 افغان باشندوں سمیت 100 سے زیادہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق سرچ آپریشنز سٹی، کینٹ اور رول سرکلز میں کئے گئے۔ صباح نیوز کے مطابق کوہاٹ جنگل خیل اور ملحقہ پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران آٹھ افغان باشندوں سمیت 48 مشتبہ افراد کوگرفتار کر لیا گیا جبکہ اچانک چیکنگ میں 2 مطلوب مفروروں کو بھی حراست میں لیا گیا۔ علاوہ ازیں جمرود کے مختلف علاقوں مےں سرچ آپرےشن میں شک کی بنا پر 7 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، 6 غےر ملکی بھی شامل ہیں۔ دریں اثناءنوائے وقت رپورٹ کے مطابق لیویز نے چمن کے مختلف علاقوں میں کارروائی کر کے 28 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں سے 5 گاڑیاں، 13 موٹر سائیکلیں، ایک کلاشنکوف اور 3 پستول برآمد ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں اکوڑہ خٹک کے قریب پولیس اور حساس اداروں نے آپریشن کے دوران دو دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے ہے۔ دریں اثناءبی بی سی کے مطابق کوئٹہ کے قریب سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق گزشتہ روز سرچ آپریشن کوئٹہ شہر کے قریب لک پاس کے علاقے میں کیا گیا۔ حکام کے مطابق ایک شخص کو گرفتار کرنے کے علاوہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص کالعدم تنظیم جند اللہ کا کمانڈر ہے جوکہ مبینہ طور پر ایران میں شدت پسندی کے واقعات میں ملوث ہے۔ محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے ایک سینئر افسر نے آپریشن میں اس علاقے سے ایک شخص کی گرفتاری کی تصدیق کی تاہم انہوں نے بتایا کہ تاحال وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتے کہ گرفتار شخص کا تعلق کس کالعدم تنظیم سے ہے۔
سرچ آپریشن