”لاہور ہائیکورٹ بار الیکشن“ عاصمہ جہانگیر گروپ کے مسعود چشتی صدر، احمد قیوم سیکرٹری منتخب

Mar 01, 2015

لاہور+ بہاولپور (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات میں غیر حتمی نتائج کے مطابق فرینڈز الائنس عاصمہ جہانگیرگروپ کے امیدوار پیر مسعود چشتی 4053 ووٹ لے کر صدر منتخب ہو گئے۔ انہوں نے پروفیشنل گروپ کے امیدوار شیخ شاہد مقبول کو شکست دی۔ اس طرح سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل کے بعد لاہور ہائی کورٹ بار کی صدارت بھی عاصمہ جہانگیر گروپ کے پاس آگئی۔ نائب صدر کی سیٹ ایم عرفان عارف شیخ نے4309 ووٹ حاصل کر کے جیتی انہوں نے خاتون وکیل صوفیہ مسعود کو شکست دی۔ سیکرٹری کی اہم نشست پرسابق اٹارنی جنرل جسٹس ریٹائرڈ ملک قیوم کے صاحبزادے بیرسٹر محمد احمد قیوم نے3751 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ ان کے مقابلے میں میاں اصغر علی امیدوار تھے۔ فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر اختر حسین شاہ شیرازی 2628 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے۔ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت انتخابات کو وکلاءنے کامیاب تجربہ قرار دیاتاہم مکمل آگاہی نہ ہو نے کے باعث کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بائیو میٹرک اور مینوئل طریقے سے ووٹ کاسٹ کرنے والے وکلاءکےلئے علیحدہ علیحدہ بوتھ بنائے گئے تھے۔ ڈپٹی چیئرمین الیکشن بورڈ طاہر منیر ملک نے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت انتخابات کے انعقاد کا تجربہ بہت کامیاب رہا جسے بار ایسوسی ایشنز کے علاوہ ملک میں بھی رائج کیا جا سکتا ہے۔ نومنتخب صدر پیر مسعود چشتی نے کامیابی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کامیابی کو وکلاءکے نام کرتے ہیں۔ وہ آئین کی بالادستی، قانونی کی حکمرانی کےلئے کام کریں گے۔ دریں اثناءاسلام آباد ہائیکورٹ بار کے انتخابات میں راجہ علیم عباسی صدر، رانا عبدالطیف نائب صدر، وجیہہ پرویز جوائنٹ سیکرٹری، زریں کنول اسلام آباد کی بلامقابلہ فنانس سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ علاوہ ازیں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور سیٹ کے انتخابات میں خیر محمد خان بھڈیرہ 966 ووٹ لیکر صدر، ممتاز حسین بزمی 813 ووٹ لیکر نائب صدر، جام صبغت اللہ 1020 ووٹ لیکر سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ خالدہ رفیق 1166 ووٹ لیکر جوائنٹ سیکرٹری بن گئیں۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر مسعود چشتی اور دیگر کو انکے انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں