لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیرصدار ت توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور وزیر پٹرلیم شاہد خاقان عباسی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے تمام ضروری اقدامات پر تیز رفتاری سے پیش رفت پر اتفاق کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ توانائی بحران میں کمی لانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں روایتی ذرائع کے ساتھ قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے شیخوپورہ کے نزدیک ایل این جی پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پلانٹ سے ایک ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا ہوگی۔ وفاقی کابینہ پنجاب میں 3 مختلف مقامات پر ایل این جی سے توانائی کے منصوبے لگانے کی منظوری دے چکی ہے جن سے مجموعی طور پر 3600 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی تو بحران میں کمی لاکر عوام کو ریلیف فراہم کرینگے۔ قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں سو میگاواٹ کا سولر منصوبہ 6 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں توانائی منصوبوں میں پیشرفت سے متعلق اجلاس میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کی تیزرفتار ترقی کیلئے توانائی بحران کا خاتمہ ہمارا عزم اور توانائی کے منصوبوں کوبر ق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانا ہمارا مشن ہے۔ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے سنجیدگی سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔اجلاس میںپنجاب انرجی پراجیکٹس ڈویلپمنٹ فنڈ کے قیام کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب اور وفاقی حکومت کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی مشاورت اور مربوط کوآرڈینیشن کے تحت توانائی منصوبوں کو آگے بڑھائیں۔ کام، کام اورصرف کام کرکے توانائی بحران میں کمی لانا ہے۔ شہبازشریف سے چین کے توانائی کے شعبہ سے وابستہ سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔