بھوکے ننگے شہری: بھارت میں امریکہ چین کے بعد تیسرا بڑا دفاعی بجٹ

Mar 01, 2015

نئی دہلی (وقت نیوز) بھارت میں بھوکے ننگے شہریوں کے تن ڈھانپنے، پیٹ بھرنے اور سر پر چھت ڈالنے کی بجائے ”بنیا“ 40.7 ارب ڈالر دفاع پر خرچ کریگا۔ ایڈز کی دوا ملے نہ ملے بارود کی بوری ضرور ملے گی۔ امریکہ اور چین کے بعد بھارت کا دنیا کا تیسرا بڑا دفاعی بجٹ ہے۔ بھارت کا نعرہ عدم تشدد یا ”اہنسا“ ہے اور وہ فوجی ساز و سامان جمع کرنے میں دنیا بھر سے آگے نکل گیا ہے۔ مودی سرکار نے 288 ارب ڈالر کا سالانہ بجٹ پیش کیا ہے۔ چانکیہ کے پیروکار مودی سرکار کبھی پاکستان کے خوف سے تو کبھی چین کا نام لے کر اسلحہ کے ڈھیر لگاتی جا رہی ہے مگر اپنے ہی ملک میں روزانہ فٹ پاتھ پر سونے والے 40 کروڑ سے زیادہ افراد کیلئے سائبان کا کوئی بندوبست نہیں۔ تیس کروڑ سے زیادہ بھارتیوں کے گھروں میں ٹوائلٹس نہیں ہیں لیکن اسلحہ بارت کے پاس جدید ترین ہے۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ایڈز کے مریض بھارت میں ہیں۔ دوائی کی گولیاں خریدنے کی بجائے ”بنیا“ بارودی گولیاں خریدنے میں مصروف ہے۔ روزانہ 20 کروڑ بھارتی بھوکے سوتے ہیں مگر بھارتی بندوقوں کے پیٹ گولیوں اور بارود سے بھرے ہوئے ہیں۔ بھارت خود کو اقتصادی قوت کے طور پر پیش کرتا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گزشتہ 3 برسوں میں تینوں مسلح افواج نے 83 ہزار 858 کروڑ روپے کے دفاعی سودے کئے۔ بھارتی فضائیہ نے غیرملکی کمپنیوں کے ساتھ 56 ہزار 406 کروڑ روپے کے سودے کئے۔ بحریہ نے 25 ہزار 454 کروڑ اور بری فوج نے 2996 کروڑ روپے کے سودے کئے ہیں۔

مزیدخبریں