لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ نے 24 فروری 2016ء تک غیر فعال قرضہ جات کی مد میں 660 ملین روپے وصولی کی ہے۔ اس کا اظہار کارپوریٹ منیجمنٹ ٹیم کے 43 ویں اجلاس میں کیا گیا۔ جس کی صدارت صدر/ ایگزیکٹو آفیسر بینک محمد ایوب نے کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بینک نے سال 2015-16ء کیلئے 12500 ملین روپے کے قرضہ جات کے اجراء کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ سال 2014-15ء میں بینک نے 11500 ملین روپے کے قرضہ جات جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ اجلاس میں قرضہ جات کے اجرائ، وصولی اور دیگر سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔ صدر/ چیف ایگزیکٹو آفیسر بینک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینک نے اپنی 151 برانچوں میں آن لائن بینکنگ شروع کر دی ہے۔ 10 برانچوں میں تجرباتی بنیاد پر اے ٹی ایم مشینوں نے کام شروع کر دیا ہے۔