بھارتی بجٹ میں مقبوضہ کشمیر مکمل نظر انداز‘ جنگی جنون برقرار‘ دفاعی اخراجات میں پھر اضافہ

Mar 01, 2016

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ رائٹر) بھارت کا جنگی جنون برقرار ہے اور اس نے اپنا فوجی بجٹ بڑھا دیا ہے بھارت نے نئے مالی سال کیلئے 24 کھرب 90 ارب روپے سے زائد فوجی بجٹ کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ گزشتہ سال کا بجٹ 24 کھرب 60 ارب تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دفاعی بجٹ مجموعی طور پر 3.40 لاکھ کروڑ روپے بڑھایا گیا ہے پہلی بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سال دفاعی بجٹ میں صرف 4.8 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ پہلی بار فوجی پنشنز کو اس بل میں شامل کیا گیا ہے اس کیلئے 2.58 لاکھ کروڑ روپے مختص کئے ہیں اطلاعات کے مطابق بھارت نے بجٹ میں دفاعی درآمدات کم کر دی ہیں اور دفاعی اخراجات کو مقامی مارکیٹ تک محدود رکھا ہے اطلاعات کے مطابق 2016-17ء کے بجٹ میں دفاع کے شعبے کے حوالے سے اعلان نہیں کیا جس کی اپوزیشن جماعتوں نے مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آئندہ مالی سال 2016-17ء کے بجٹ کا اعلان کرتے ہوئے تقریر میں دفاعی شعبے کے حوالے سے کوئی ذکر نہیں کیا جس پر اپوزیشن جماعتیں سیخ پا ہو گئیں سٹریٹجک امور کے ماہر (ر) بریگیڈئر گرمیت کنول نے کہا کہ میں گزشتہ 17 سالوں سے بجٹ سے باخبر ہوں اس بار پہلی بار دفاع کے حوالے سے کوئی اعلان نہ کئے جانے پر حیرانگی ہوئی۔ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مرکزی حکومت کی طرف سے پیش کئے گئے بجٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ متوسط طبقے اور چھوٹے تاجروں کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا اور اہم شعبوں میں اصلاحات کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ بھارتی بجٹ میں مقبوضہ کشمیر کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا جس پر کشمیریوں نے نہایت مایوسی کا اظہار کیا ریاست کے سیلاب سے تباہ حال علاقوں کی تعمیر و ترقی، سیاحت اور بے روزگاری پر قابو پانے کیلئے کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ نیشنل کانفرنس کا کہنا ہے کہ مرکزی بجٹ میں مقبوضہ کشمیر کو نظر انداز کیا جانا پی ڈی پی کی نااہلی کا نتیجہ ہے۔ پی ڈی پی کے ترجمان جنید عظیم متو نے کہا ہے کہ مرکزی بجٹ میں جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی، سیلاب زدگان کی آباد کاری، سیاحت کو فروغ دینے، بے روزگاری پر قابو پانے یا پھر انڈسٹریل سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے پیکیج کا اعلان کیا جانا لازمی تھا لیکن یہ پی ڈی پی کی نااہلی ہے کہ ایسا پہلی بار ہوا مرکزی بجٹ میں جموں و کشمیر کیلئے کچھ بھی نہیں۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کسانوں اور دیہی علاقوں پر خاص نظر عنایت کی گئی ہے حکومت نے دیہی ترقی کیلئے بجٹ میں 13 ارب ڈالر اور خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندانوں کی خواتین کو ایل پی جی کنکشن فراہم کرنے کیلئے بیس ارب روپے مختص کئے جس سے دیہی علاقوں میں لاکھوں گھروں میں کھانا پکانے کی گیس فراہم کیج ائے گی۔ انہوں نے اپنی بجٹ تقریر میں بھارت کے 12 کروڑ کسانوں کو ملک کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دیہی ترقی کیلئے بجٹ میں 13 ارب ڈالر اور خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندانوں کی خواتین کو ایل پی جی کنکشن فراہم کرنے کیلئے بیس ارب روپے مختص کئے۔ حکومت نے دیہی روزگار اسکیم، فصلوں کیلئے بیمہ پروگرام دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اور انٹرنیٹ کی رسائی کو بڑھانے کیلئے کافی فنڈز مختص کئے ہیں جیٹلی نے اگلے پانچ برسوں میں کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کر دینے کا وعدہ کیا۔ اگلے دو سال میں ملک بھر کے تمام دیہات میں بجلی پہنچانے کا وعدہ بھی کیا گیا۔ زرعی ترقی بھارتی بجٹ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ رائٹر کے مطابق 12 سال کے مذاکرات کے بعد امریکہ اور بھارت فوجی لاجسٹکس شیئر کرنے کے معاہدہ کے بالکل قریب پہنچ گئے ہیں حکام کا کہنا ہے کہ چین کی بڑھتی ہوئی قوت کے پیش نظر امریکہ اور بھارت اپنے دفاعی تعلقات مزید مضبوط کر رہے ہیں روس کے بعد امریکہ بھارت کو دفاعی سازوسامان فراہم کرنے والا بڑا ذریعہ بن رہا ہے۔

مزیدخبریں