پٹرول 8.48‘ ہائی سپیڈ ڈیزل 4.67 روپے لٹر سستا

Mar 01, 2016

اسلام آباد/ لاہور (وقائع نگار خصوصی/ خبر نگار خصوصی/ نیوز رپورٹر/ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے پیر کو وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پٹرول کی قیمت 8 روپے 48 پیسے فی لٹر کی کمی کے ساتھ 62.77 روپے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4.67 روپے فی لٹر کی کمی کے ساتھ 71.12 روپے فی لٹر ہو گی، پٹرول کی قیمت 10 برس کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 97 پیسے فی لیٹر اور ہائی اوکٹین کی قیمت میں 2 روپے 98 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 66 پیسے لیٹر اضافے کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 71 روپے 25 پیسے سے کم ہوکر 62 روپے 77 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 75 روپے 79 پیسے سے کم ہوکر 71 روپے 12 پیسے، لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت 39 روپے 94 پیسے سے کم ہو کر 37 روپے 97 پیسے ہو گئی ہے۔ ادھر سی این جی کی قیمتوں میں فی کلو چھ سے سات روپے تک کمی کر دی گئی۔ موسم گرما کے آغاز اور گیس کی طلب میں کمی کے پیش نظر سی این جی کی قیمتوں میں مزید کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب اور اسلام آباد کیلئے قیمتیں کم کی گئی ہیں۔ گیس کی قیمت 46 سے 47 روپے کلو ہو گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں واحد ملک ہے جہاں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا گیا۔ پاکستان کے ریونیو میں نقصان اور خسارے کے باوجود عوام کے مفاد کو مقدم جانتے ہیں۔ عوام تک ہر قسم کا ریلیف پہنچانے کے خواہش مند ہیں ہم ٹیکسوں اور ڈیوٹی کو بھی کم کرنا چاہتے ہیں۔ اپنے دور حکومت میں توانائی بحران ختم کردیں گے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کی جارہی ہے۔ عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرکے خوشی ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوامی مفاد مدنظر رکھ کر ریلیف دیا گیا، پٹرول کی قیمت میں تقریباً ساڑھے 8روپے لٹر کمی کی جارہی ہے۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے گیس کی فی کلو قیمت میں 6 سے 7 روپے کی کمی ان سی این جی سٹیشنز پر کی جا رہی ہے جو آر ایل این جی پر چل رہے ہیں۔ پنجاب کی سی این جی صنعت میں لگایا گیا 350 ارب کا سرمایہ محفوظ ہو گیا ہے اور اس شعبہ میں مزید سرمایہ کاری کا امکان بڑھ گیا ہے۔ پنجاب میں دستیاب سی این جی پٹرول سے کم از کم 30 فیصد کم ہو گی جس سے ٹرانسپورٹ کے کرائے کم ہونگے جو عوام کیلئے بہت بڑا ریلیف ہو گا۔ ادھر بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو مسترد کر دیا، نجی ٹی وی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی گئی عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پاکستان کے عوام کو نہیں دیا گیا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم از کم 20 روپے کی کمی ہونی چاہئے تھی۔

مزیدخبریں