بھٹہ مالکان کا احتجاج جاری‘ 4 مارچ کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنے کا اعلان

لاہور+ فیصل آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) بھٹہ مالکان کا چائلڈ لیبر ایکٹ کی آڑ میں گرفتاریوں کے خلاف گزشتہ روز بھی کئی شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا اور مظاہرے کئے گئے۔ فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے بھٹہ مالکان نے اپنے مطالبات تسلیم کرنے کےلئے صوبائی حکومت کو تین دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے 4 مارچ کو سہ پہر 3 بجے پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر پھر بھی حکومت نے ہمارے مطالبات منظور نہ کئے تو 4 مارچ سے 18مارچ تک اینٹوں کی تیاری بند کر دی جائے گی اور ہزاروں بھٹے بند کر دئیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی صدر چودھری عبدالرزاق باجوہ نے ڈی سی او آفس کے باہر احتجاجی مظاہر ے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جنرل سیکرٹری غلام مصطفی، حاجی محمد اسلام، حاجی محمد الطاف، اشرف گجر، رانا فرمان علی، میاں محمد یوسف،رانا بلو خاں اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں بھٹہ مالکان نے ضلعی صدر کی قیادت میں چائلڈ لیبر ایکٹ کی آڑ میں بھٹہ مالکان کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ضلع کونسل چوک سے ڈی سی آفس تک ریلی نکالی جس میں سینکڑوں بھٹہ مالکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر عبدالرزاق باجوہ نے مزید کہا کہ بھٹہ مالکان چائلڈ لیبر آرڈیننس کی مکمل حمایت کرتے ہیں مگر اس کی آڑ میں پورے پنجاب میں ناجائز مقدمات اور گرفتاریاں ہو رہی ہیں جو سراسر ظلم ہے۔ بچے کا والد اگر اپنے بچے کو کام پر لگاتا ہے تو اس کو بھی شریک جرم کیا جائے اور بھٹہ مالک کے ساتھ اس کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے۔ علاوہ ازیں وہاڑی میں بھی بھٹہ مالکان نے ڈی سی او آفس کے باہر بینرز اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا، پرامن مظاہرے کی قیادت بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن ضلع وہاڑی کے صدر شیخ محمد امین اللہ، جنرل سیکرٹری چودھری محمد سلیم نے کی۔ مظاہرین نے ڈی سی او آفس کے باہر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق بھٹ خشت کے مالکان نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ماسٹر محمد صدیق، محمد اکرم خان، چودھری ریاض نے خطاب کرتے کہا تمام بھٹہ مالکان نے اینٹیں بنانا بند کردی ہیں اور 4 مارچ تک مکمل ہڑتال کریں گے۔ حاصل پور سے نامہ نگار کے مطابق اینٹوں کے بھٹے بند ہو جانے سے سینکڑوں مزدور بے روزگار ہو گئے۔ ان خیالات کا اظہار بھٹہ خشت مالکان ایسوسی ایشن تحصیل حاصل پور کے صدر چودھری شہباز علی چیمہ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں سے دیگر اداروں، ورکشاپوں، ہوٹلوں اور فیکٹریوں میں مشقت لی جاتی ہے ان پر چائلڈ لیبر کی پابندی عائد کیوں نہیں یہ پابندی صرف بھٹہ خشت پر کیوں ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق بھٹہ خشت مالکان ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے جھنگ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ کی قیادت بھٹہ خشت مالکان ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر میاں شیخ عامر فیاض نے کی۔ اس موقع پر شدید نعرے بازی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی بھٹہ مزدوروں کے بچوں تعلیم دلوانا چاہتے ہیں مگر انہیں تعلیم دلوانے کی خاطر بھٹہ مالکان کے خلاف بلاوجہ مقدمات سراسر زیادتی ہے۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق سینکڑوں بھٹہ مالکان نے ڈی سی او آفس کے سامنے احتجاج کیا اور مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں 18مارچ سے بھٹے بند کرکے پنجاب بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔ مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے ڈی سی او آفس کے باہر سڑک کو بلاک کردیا۔ بھٹہ مالکان کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے خلاف درج مقدمات ختم نہیں کئے جائیں گے اس وقت تک بھٹہ مالکان چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ منڈی بہاﺅ الدین سے نامہ نگار کے مطابق بھٹہ ایسوسی ایشن کے سینکڑوں افراد نے ڈی سی او آفس کا مین گیٹ بند کردیا گیا۔ بھٹہ مالکان نے احتجاجی جلوس نکالا جلوس کے شرکاءنے حکومت کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے ڈی سی او آفس کا گھیراﺅ کرلیا اور شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر صدر بھٹہ ایسوسی ایشن غلام رسول نے کہا کہ پنجاب حکومت کے چائلڈ لیبر پرکالے قانون کو نہیں مانتے اس میں ترمیم کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں ضلع بھر کے بھٹہ مالکان نے اینٹوں کی سپلائی روک دی، ضلع بھ میں جاری ترقیاتی کام اور تعمیراتی کام ٹھپ ہوکر رہ گیا اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن ضلع گجرات کے زیراہتمام ڈی سی او آفس کے سامنے ایک گھنٹہ تک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے احتجاج کے لئے ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے نعرہ بازی کی اور بھٹہ مالکان کے خلاف جھوٹے مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے 4مارچ کو پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے اور دھرنا دینے کا اعلان کیا۔
احتجاج جاری

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...