ایکو ممالک کو سی پیک میں شمولیت کی پیشکش‘ تنظیم نیا اقتصادی بلاک بنائے گی: نوازشریف

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے ای سی او سربراہ کانفرنس میں تمام رکن ممالک کی اعلیٰ قیادت کی شرکت ایک سنگ میل ہے، حقیقت پسندانہ اور ٹھوس تنظیمی اہداف کی شکل میں ہمارے آگے بڑھنے کیلئے وژن 2025ء کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ رابطوں اور تجارت میں اضافہ اور اقتصادی تعاون میں فروغ ہمارے خطے کو ترقی، خوشحالی اور امن کا مرکز بنا دے گا۔یقین ہے ای سی او بہت جلد ایک اہم علاقائی اقتصادی بلاک بن جائیگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں اقتصادی تعاون تنظیم کے 13ویں سربراہ اجلاس کے موقع پر ویڈیو پیغام میں کیا۔ وزیراعظم نے کہا سربراہ کانفرنس میں منظور ہونے والا اعلان اسلام آباد خطے کے عوام کی خواہشات کی عکاسی کرے گا۔ ای سی او ممالک سلک روڈ ورثے کے کسٹوڈین ہیں اور پاکستان اپنی بندرگاہوں کے ذریعے ای سی او ممالک کو رابطہ فراہم کرکے خوشی محسوس کرے گا۔ انہوں نے کہا اپنی طاقت میں اضافے کے ذریعے ہم خطے کی تقدیر بدل سکتے ہیں، حقیقت پسندانہ اور ٹھوس تنظیمی اہداف کی شکل میں ہمارے آگے بڑھنے کیلئے وژن 2025ء کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ مزید برآں صدر ممنون حسین سے آذربائیجان کے ہم منصب الہام علیوف نے ملاقات کی۔ دونوں ملکوں میں وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔ تجارت، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور دفاع کے شعبوں میں پاکستان، آذربائیجان میں تعاون پر اتفاق ہوا۔ صدر ممنون نے کہا پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارتی حجم مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور آذربائیجان علاقائی ترقی اور امن کے لئے کام کرتے رہیں گے۔ آذربائیجان کے صدر نے کہا پاکستان آ کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔ پاکستان اور آذربائیجان خطے کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے۔ عالمی اور علاقائی مسائل پر پاکستان اور آذربائیجان کا مؤقف یکساں ہے۔ پاکستان نے نگورنو کاراباخ اور آذربائیجان نے کشمیر کے مسئلے پر حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ صدر الہام علیوف نے کہا کہ آذربائیجان میں اس سال اسلامی یکجہتی کھیلوں کا انعقاد ہو گا دنیا پر یہ واضح کرنے کی ضرورت ہے اسلام امن کا دین ہے۔ آن لائن/ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ اور نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) کیلئے پاکستان کی حمایت پر چین کے مشکور ہیں، اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کی لازوال دوستی کا شاہکار ہے، منصوبے سے خطے کے اربوں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو ہے اور یہی وجہ ہے دونوں ہمسایہ ممالک کی دوستی لازوال ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف سے ای سی او کے سیکرٹری جنرل خلیل ابراہیم اور آذربائیجان کے صدر نے بھی ملاقات کی۔ مزید براں ترک صدر طیب اردوان نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان ترکی بڑھتی سٹرٹیجک پارٹنرشپ پر اظہار اطمینان کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا دہشت گردی خطے اور عالمی امن کیلئے ایک مشترکہ خطرہ ہے۔ دونوں رہنمائوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ریاستوں کے مابین تعاون کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کی جانب سے اپکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ریاستوں کے مابین تعاون کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کیلئے ترکی کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے آذربائیجان کے صدرالہام علیوف نے ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔ صدر ممنون حسین نے اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہان اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ عشائیہ میں وزیراعظم نواز شریف نے بھی شرکت کی۔ عشائیہ میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احسن اقبال نے بھی شرکت کی۔ عشائیہ میں پاکستان کی لوک موسیقی کی دھنیں بجائی گئیں۔ معزز مہمانوں کی رخصت سے قبل آرمی کے بینڈ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ صدر مملکت نے ایوان صدر کے مرکزی دروازے پر معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ این این آئی) علاقائی اقتصادی تعاون تنظیم ’’ایکو‘‘ کا 13واں ایک روزہ سربراہ اجلاس آج بدھ کو یہاں منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس تنظیم کی سربراہی وزیر اعظم نوازشریف کے سپرد کی جائیگی، تنظیم کے ویژن 2025 ، اور اعلان اسلام آباد کی منظوری دی جائیگی۔ بدھ کی صبح شروع ہونے والے اس اجلاس میں ترکی و ایران سمیت پانچ رکن ممالک کے صدور، پاکستان سمیت تین ملکوں کے وزراء اعظم، ایک ملک کے نائب وزیراعظم اور افغانستان کے خصوصی نمائندہ شریک ہو رہے ہیں۔ سربراہ اجلاس کے دو سیشن منعقد ہوں گے۔ افتتاحی اجلاس سے نواز شریف اور آذربائیجان کے صدر اور سیکرٹری ای سی او خطاب کریں گے بعد ازاں حروف تہجی کے اعتبار سے تمام رکن ممالک کے سربراہان خطاب کریں گے۔ سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے منگل کی سہ پہر سے غیر ملکی سربراہان حکومت و مملکت کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جو آج بدھ کی صبح تک جاری رہے گا۔ آذربائیجان اور ایران کے صدور یہاں پہنچ گئے ہیں۔ انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پاکستان ائر فورس کے چاک چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ دریں اثناء پاکستان نے اقتصادی تعاون تنظیم ’’ایکو‘‘ کے رکن ملکوں کو پاک چین معاشی راہداری اور گوادر کی بندرگاہ کو تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے تنظیم کی وزارتی کونسل سے خطاب کے دوران یہ پیشکش کرتے ہوئے انسانی اور مادی وسائل کو مکمل طور پر بروئے کار لاتے ہوئے ایکو کو ایک موثر اقتصادی اتحاد میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں اور بین الاقوامی تجارت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم کے تجارتی معاہدے پر عملدرآمد، تجارتی اور غیر تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور خطے میں آزادانہ تجارتی علاقہ قائم کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ پاک چین معاشی راہداری کی اہمیت سے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا راہداری سے خطے میں تجارتی مواقع بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت خطے کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن میں دہشت گردی، منشیات کی سمگلنگ اور بین العلاقائی منظم جرائم شامل ہیں، ان چیلنجز سے نمٹنے اور خطے کے ترقی اور پیداوار کو آگے بڑھانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے اقتصادی تعاون تنظیم ’’ ایکو‘‘کو موثر اقتصادی اتحاد میں بدلنے، سائنس و ٹیکنالوجی و تجارت کے فروغ کیلئے مزید علاقائی ملکوں کو تنظیم میں شامل کرنے اور ایکو سائنس فاؤنڈیشن قائم کرنے کی تجاویز دی ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق تنظیم کی وزارتی کونسل کے اجلاس کے دوران، پاکستان نے ایکو کو ایک متحرک اور فعال ادارہ بنانے کیلئے یہ تجاویز پیش کیں۔ اس اجلاس میں ایران اور ترکی سمیت دس رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو وزارتی کونسل کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق چینی نائب وزیر خارجہ نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر ای سی او سربراہ کانفرنس اور پاک چین اقتصادی راہداری سیمت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزرائے خارجہ نے اجلاس کے ایجنڈے اور اعلان اسلام آباد کی منظوری دے دی۔ این این آئی کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ کا اجلاس (آج)بدھ کواسلام آباد میں ہوگا اس سلسلے میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ اجلاس کیلئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریڈ زون کی طرف جانے والے تمام راستے عام ٹریفک کیلئے بند کر دیئے گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...