اسلام آباد (اے پی پی+ نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ( ن ) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ حنیف عباسی کی پٹیشن کے بعد عمران کی حقیقت قوم پر عیاں ہو جائے گی، دوسروں سے حساب مانگنے والے کے پاس اپنی اولاد، جائیداد اور اپنے والد کا حساب بھی نہیں، محمد نواز شریف پاکستان کی ترقی کا پہیہ نہیں رکنے دیں گے اور ہر وہ کام کریں گے جو پاکستان کی ترقی کا ہوگا، ملک میں سب سے پہلی آف شور کمپنی عمران خان نے بنائی، عدالتیں آزاد ہیں، جو بھی فیصلہ دیں گی ہمیں قبول ہو گا۔ میڈیا سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ میں دوڑ دوڑ کر الزام لگانے والے عمران کے جواب دینے کے دن آگئے، عمران خان کے وکیل اب دوڑتے اور بچتے پھر رہے ہیں کہ حنیف عباسی صاحب کی پٹیشن کی تاریخ نہ لگے کیونکہ اس پٹیشن کی تاریخ لگنے کے بعد عمران خان قوم کے سامنے عیاں ہو جائیں گے۔ دوسروں سے حساب مانگنے والے عمران کے پاس اپنی اولاد،جائیداد اور اپنے والد کا حساب بھی نہیں ہے۔ اس کیس کی سماعت کے بعد عمران خان دو چار سال نہیں سو سال کے لئے نا اہل ہو جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ عمران کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد ، بنی گالہ، بال ٹیمپرنگ، جوئے اور سول نافرمانی کی کال کاحساب دیں، طلال چوہدری نے کہا کہ عمران نے پاکستان کے ترقی اورچین کے صدر کا دورہ رکنے کی کوشش کی ، وہ(عمران خان) کہا کرتے تھے کہ چین کے صدر پاکستان نہیں آئیں گے لیکن سی پیک عملی شکل اختیار کر چکا ہے، حنیف عباسی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں عمران کے خلاف دائر کردہ ان کی پٹیشن سے یہ بات واضح ہو جائے گی کہ جھوٹ اور طنزو مزاح کو فروغ دینے، دوسروں پر الزام تراشی، عدالت میں اخباری تراشوں اور کاغذ کی ردی کے دلائل دینے والوں کو پاکستان میں سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں ۔ انہوں نے بے نامی کی بات کی اور اپنے لئے بیوی سے تحفہ لینا جائز قرار دیا، جوئے کی بات کی گئی اور خود جوا کھیلنا جائز سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ہر کام میں آڑے آتے ہیں ، جب پاکستان کے امن کی بات ہوتی ہے تو اس میں بھی رکاوٹ بنتے ہیں ، اس وقت پاکستان میں پی ایس ایل کا فائنل ہونے والا ہے اور حمایت کی بجائے وہ اس عمل کو پاگل پن قرار دے رہے ہیں۔ عدالت پر فرض ہے کہ عمران کا جھوٹ بے نقاب کرے۔نیویارک سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیر خزانہ اسحق ڈار نے یقین کے ساتھ کہا پانامہ کیس کا فیصلہ نواز شریف کے خلاف نہیں آئے گا۔ بلوم برگ کے ساتھ انٹرویو میں اسحق ڈار نے کہا کہ نواز شریف کا اپنا نام آف شور کمپنیوں میں شامل نہیں ہے، توقع ہے پانامہ کیس کا فیصلہ حق میں ہو گا۔