”را“اور دیگر دشمن ایجنسیوں کی مددکے بغیر دہشت گرد کارروائیاں نہیں کر سکتے فوجی ترجمان

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ نئے آپریشن میں ایک ہی پیغام ہے ہمیں اس فساد کو رد کرنا ہے، پاکستان کے استحکام کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ زیادہ تر آپریشن ریاست کی رٹ کو بحال کرنے کیلئے کئے گئے۔ آپریشن ردالفساد سے ملک بھر میں دہشت گردوں کے ہمدردوں کو ختم کرنا ہے۔ ہمیں اس فساد کو پاکستان سے ختم کرنا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر تمام ادارے کام کر رہے ہیں۔ دہشت گرد زیادہ تر مارے گئے یا افغانستان چلے گئے۔ دشمن ایجنسیوں کی سپورٹ کے بغیر دہشت گرد کارروائیاں نہیں کر سکتے۔ دہشت گردوں کو ”را“ سمیت دیگر دشمن ایجنسیوں کی سپورٹ حاصل ہے۔ افغانستان خود مسائل سے گزر رہا ہے، اس نے بھی قربانیاں دی ہیں۔ ہماری سرزمین افغانستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہو رہی، افغانستان کے ساتھ بارڈر میکنزم بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان کو بھی چاہئے کہ اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دے۔ دہشت گرد کا کوئی مذہب، صوبہ نہیں ہوتا۔ کارروائیاں کسی خاص صوبے کے خلاف نہیں ہو رہیں۔ مشتبہ افراد کی بلاتفریق گرفتاریاں ہو رہی ہیں۔ پی ایس ایل ہو یا جو بھی ایونٹ، ٹاسک دیا گیا سکیورٹی فراہم کرینگے۔ خواہش ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت سب مل کر کام کریں۔ سرحد کھولنے کیلئے افغانستان کو کچھ کام کرنا ہو گا۔ دہشت گردوں کو بیرونی قوتوں سے ڈی لنک نہیں کیا جا سکتا۔ پاک افغان عسکری تعلق مثبت طریقے سے آگے بڑھے گا۔ پاک فوج ہر وہ کام کرے گی جو ملک کیلئے بہتر ہو گا۔ ہر پاکستانی آپریشن ردالفساد کا سپاہی ہے۔ ردالفساد فوج نہیں تمام اداروں کا آپریشن ہے۔ ملکی استحکام کو مزید مضبوط کرنا ہو گا۔ آپریشن ردالفساد دشمن ایجنسیوں کے دہشت گردوں سے رابط توڑے گا۔
فوجی ترجمان

ای پیپر دی نیشن