وزیراعظم فاٹا کا فیصلہ 12 مارچ سے قبل کر لیں: اسفند یار ولی

Mar 01, 2017

اسلام آباد (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ وزیراعظم فاٹا کا فیصلہ 12 مارچ سے قبل کرلیں‘ ورنہ عوام کو اسلام آباد آنے سے روکنا ناممکن ہوجائے گا۔ پاکستان میرا ملک افغان میری قوم ہے ہر پختون افغانی ہے مگر ہر افغانی پختون نہیں دہشت گردی کو کسی قوم سے جوڑنا درست نہیں ایسا کرنا وفاق کیلئے نقصان دہ ہے طاقت کے ذریعے سوچ اور فیصلے کو دوسروں پر مسلط کرنے والا چاہے ادارہ ہو یا فرد دہشت گرد ہے۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں اسفند یار ولی نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے خلاف ہیں مگر دہشت گردوں کی آڑ میں ایک قوم کو ٹارگٹ نہ کیا جائے۔ پشتونوں کے ساتھ ایسا رویہ روا نہ رکھا جائے۔ یہ رویہ مستقبل میں وفاق کیلئے مشکلات پیدا کردے گا۔ پنجاب کی عوام نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا مگر ہمارا گلہ پنجاب کے حکمرانوں سے ہے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے پوچھنا چاہوں گا کہ پنجاب میں پفلٹ دینے والے اور اشتہار لگانے والوں کو ابھی تک پوچھا اور گرفتار کیوں نہیں کیا گیا۔ اس مسئلے کی وجہ سے پانامہ کا مسئلہ دب گیا ہے جو کئی مہینوں سے وفاق اور صوبوں کا مسئلہ بنا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا پاکستان میرا ملک ہے افغان میری قوم ہے۔ مولانا فضل الرحمن اور مولانا سمیع الحق کا ڈومیسائل بھی دیکھ لیں انہوں نے بھی قوم افغان لکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ وزیراعظم کو بارہ مارچ سے قبل کرلینا چاہیے نہیں تو فاٹا اور کے پی کے کی عوام مل کر اسلام آباد آئیں گی جنہیں حکومت برہان انٹرچینج پر نہیں روک سکے گی۔ نہ جانے انگریزوں کی لکیروں کے وارث کہاں سے آگئے ہیں۔ فاٹا کی عوام کا فیصلہ ہے کہ وہ کے پی کے میں ضم ہونا چاہتے ہیں لہذا عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھا جائے۔

مزیدخبریں