ایکو اجلاس‘آزادانہ تجارت سمجھوتہ پر ٹھوس پیشرفت کا امکان

اسلام آباد (عترت جعفری) ایکو سمٹ کے دوران رکن ممالک میں آزادانہ تجارت کے سمجھوتے اور پاکستان میں رکن ممالک ایکو چیمبر کا ہیڈ کوارٹرز بنانے کے معاملہ پر ٹھوس پیشرفت کی توقع ہے۔ کانفرنس میں بتایا جائے گا کہ ایکو بنک متحرک ہوگیا ہے اور اس نے پاکستان میں نجی صنعتوں کو اب تک 100 ملین ڈالرکے قرضے بھی فراہم کئے ہیں۔ ایف بی سی سی آئی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایکوسمٹ کے دوران تمام رکن ممالک کی مرکزی تجارتی تنظیم کے صدور بھی اسلام آباد آئے ہیں۔ جن کی سمٹ ایف بی سی آئی کے اسلام آباد دفتر میں ہوگی۔ ایکو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدارت اس وقت پاکستان کے پاس ہے۔ اور زبیر طفیل اس کے صدر ہیں۔ ترکی نے ایکو چیمبر کا ہیڈ کوارٹرز مستقل طور پر پاکستان میں بنانے کی حمایت کی ہے جبکہ ایران کی حمایت حاصل کی جائیگی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایکوکے تین بنیادی ارکان جن میں پاکستان ترکی اور ایران شامل ہیں ان تینوں ممالک کو کسی بھی معاملہ میں ویٹوکا اختیار ہے۔ ترکی نے اس معاملہ پر پاکستان کی حمایت کر دی ہے۔ جبکہ ایران کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ایکو ممالک میں آزادانہ تجارت کے سمجھوتہ پر بات ہوگی۔ ترکی اور پاکستان نے ان ٹیرف لائنز کا تبادلہ کیا جن پر رعایت دی جائے گی۔ جبکہ ایران نے موقف لیا کہ اس کی فہرست تیار کرکے آئندہ دو تین ماہ میں پاکستان اور ترکی کے ساتھ شیئر کر لی جائے گی۔ جبکہ تینوں بنیادی رکن ممالک میں اتفاق رائے کے بعد دیگر ممالک عام طور پر اس پر توثیق کر رہے ہیں۔ ایف بی سی آئی کے صدر زبیر طفیل نے رابطہ میں بتایا کہ رکن ممالک کے وفود کے ساتھ آئندہ سال کے لئے معاشی شعبوں میں تعاون کا روڈ میپ تیارکیا جائے گا۔ اجلاس میں ایران کو پاکستانی ٹیکسٹائل پرعائد بھاری ڈیوٹیز واپس لینے پر بھی آمادہ کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن