آسکر منتظمین کی توجہ سیاست پر‘ ایوارڈ کا غلط اعلان کر دیا گیا: ٹرمپ

Mar 01, 2017

واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سیاست پر توجہ مرکوز ہونے کی وجہ سے آسکر منتظمین کی نظر چوک گئی اور وہ ایک اہم غلطی کر بیٹھے۔ یاد رہے آسکر تقریب میں بہترین فلم کا ایوارڈ مون لائٹ کے بجائے لالالینڈ کے نام کرنے کا اعلان کردیا گیا تھا۔ ٹرمپ نے اس موقع کو ہاتھ سے جانے نہ دیا اور طنزکے تیر چلا دئیے۔ ٹرمپ نے کہاکہ افسوس ناک واقعہ ہوا، اس نے آسکر کا حسن و جمال چھین لیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ وہ آسکر کی تقریب میں جاتے رہے ہیں، اس بار بہت خاص چیزکی کمی محسوس ہوئی۔ آسکر تقریب کے آخر میں جو ہوا وہ انتہائی افسوس ناک تھا۔ ادھر امریکی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی سفری پابندی کے معاملے پر سماعت کو موخر کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ سان فرانسسکو کی نائنتھ سرکٹ کورٹ آف اپیلز کے تین ججوں نے اس درخواست کو مسترد کرنے کے فیصلے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی۔ ادھر ٹرمپ حکومت کے نامزد کردہ سیکرٹری برائے نیوی فلپ بلڈین بھی عہدے سے دستبردار ہو گئے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ریپبلکن سیاستدانوں کے خلاف احتجاج اور قومی راز افشا ہونے کے پیچھے سابق صدر بارک اوباما کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے دفاعی بجٹ کے لئے 54 ارب ڈالر مختص کرنے پر کہا کہ یہ فیصلہ معیشت کو مستحکم کر دے گا۔ امریکی صدر ٹرمپ کو بھی پتہ نہیں کہ وہ ایسے کیوں ہیں۔ ٹرمپ کو گمان ہے کہ ہر مسئلے کا حل ان کے پاس ہے۔ ٹرمپ کی تقاریر پر مبنی دلچسپ ویڈیو سامنے آ گئی۔

مزیدخبریں