حج قرعہ اندازی جلد کرانے کی منظوری ‘ نجی کوٹہ ختم کیا جائے: کابینہ ارکان

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا وفاقی کابینہ کے بیشتر ارکان نے پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کو کوٹہ ختم کر کے تمام حجاج کو سرکاری حج سکیم کے تحت سر زمین حجاز بھجوانے کی سفارش کی ہے تاہم اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس میں ہوا، کابینہ نے کچھی کینال منصوبے میں کرپشن کے الزامات کے حوالے سے انکوائری رپورٹ پر غور کیا۔ رپورٹ کے نتائج پر عملدرآمد کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرنے کیلئے وزیر برائے آبی وسائل کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ اور امریکن انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان سٹڈیز کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری بھی دی۔ اسلام آباد میں قانون کرایہ داری 2001ء کی زون فائیو تک عملداری کی منظوری دی گئی اور وزارت داخلہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس قانون پر نظرثانی کرے۔ قانون کرایہ داری پر نظرثانی کیلئے بیرسٹر ظفراللہ خان، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ شراکت داروں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ کے اجلاس میں مخصوص حلقوں کیلئے قومی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کی قیمتوں میں اضافہ کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے وزارت داخلہ اور چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ سی این آئی سی کی قیمت کو اعتدال میں رکھنے کیلئے تجاویز پر نظرثانی کی جائے۔ اجلاس میں سمگلنگ کی روک تھام کیلئے عالیہ نیلم کو خصوصی اپیلٹ کورٹ کا جج مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تقرری کیلئے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی گئی کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اس قانون کی تشکیل کیلئے کام تیزکیا جائے۔ مستقل چیئرمین کی تعیناتی تک کابینہ نے وزارت مذہبی امور کے سینئر جائنٹ سیکرٹری محمد اشرف لنجار کو متروکہ وقف املاک کے چیئرمین کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی۔ کابینہ نے حج 2018ء کیلئے پچاس فیصد کوٹہ پر جلد از جلد قرعہ اندازی کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئے ایئرپورٹ کا نام اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہوگا۔ کابینہ کے اجلاس میں ایس اے منان کو پاکستان سٹیٹ آئل کے بورڈ آف مینجمنٹ کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ ارکان کی اکثریت نے سفارش کی کہ حکومت سو فیصد حج خود کرائے، حکومت سو فیصد حج کرائے گی تو حجاج کو سستی اور بہتر سہولیات ملیں گی۔ وزارت توانائی نے وفاقی کابینہ کو بجلی کی پیداوار اور لوڈشیڈنگ سے بچائو پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ آئندہ موسم گرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔ بجلی کی اضافی پیداوار یقینی بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ گردشی قرضہ 600 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ ہدایت کی گئی کہ بجلی کے واجبات کی وصولی تیز کی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کہ توانائی منصوبوں اور ٹرانسمیشن لائنز کا نظام بہتر بنایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن