اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جمہوریت دشمن عناصر کا سب سے بڑا مہرہ عمران خان ہی ہے، بہت سے چیخے شور مچا کر سچ کو جھوٹ میں نہیں بدل سکتے، پی ٹی آئی، میڈیا اور اداروں میں موجود بعض منفی عناصر ہمیں چور ڈاکو اور غدار ثابت کرنے کے لئے بائولے ہو رہے ہیں، نہ کوئی فرنٹ مین ہے نہ بیک مین، نہ کبھی ناجائز کام کیا نہ کوئی کرا سکتا ہے، جو اثاثہ بھی ہے ، ظاہر کیا ہوا ہے۔ گزشتہ روز ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ عوامی بالا دستی اور جمہور کی حکمرانی کی جدوجہد کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، آزاد اور شفاف جمہوریت کے لئے میرے خاندان نے دو جانیں قربان کی ہیں، جمہوریت آئین اور نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دشمن پاکستان پر، ہم پراور ایک دوسرے پر حملہ آور ہیں، اب بھی وقت ہے بس کر دیں، ملک کو میرٹ پر چلنے دیا جائے۔ خوفناک انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جھوٹے الزامات لگانے والو! اللہ کے غضب سے ڈرو، اس کی لاٹھی بے آواز ہے، بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔