بچھڑ ا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی
اک شخص سارے شہر کو ویراں کر گیا
کویت کے معروف ریسٹورنٹ خیطان میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت اورجہرا زون نے جہرا میں نہایت پرتکلف الوداعی تقریبات کا اہتمام اپنے دیرینہ سینئیر ساتھی ناظم ایڈمنسٹریشن چوہدری منظور احمد صالح اورسابق صدر جلیب زون محترم انور مرزا کے اعزاز میں کیا،دونوں انسانیت دوست، محبتوں کے بانٹنے والے، مصطفوی مشن سے تاحیات رفاقت کے مخلص رفیق، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے سَچے سْچے سپاہی، قائدِ انقلاب سے بے مثل، انمٹ محبتوں کے درخشاں ستارے اپنی دہائیوں پہ مشتمل مملکت کویت اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے لئے خدمات کے بعد کویت کو الوداع کہتے ہوئے وطن عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان سدھار رہے ہیں.منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت نے حسب روایت اپنے رفقائ خاص کو شاندار انداز میں الوداع کیا.باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوااور درودو سلام اور نعت گوئی کے بعد مقررین نے نہایت احسن انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا.حاجی عبدالرشید (صدر) نے نہایت عمدہ انداز میں ان کی خدمات کو سراہا اور خراج عقیدت پیش کی ان کی تحریک اور قائد تحریک سے بے پناہ، بے لوث محبت اور مشن کے لئے کاوشوں کو مشعل راہ قرار دیا،اس موقع پر انہوں نے فرمایا کہ بلاشبہ منہاج القرآن ہی وہ واحد جماعت ہے جو دنیا بھر میں بلا امتیاز مذہب و مسلک قوم قبیلہ، وحدت و یگانگت اور امن کی داعی ہے. سفیرِ امن حضور شیخ الاسلام دنیا اسلام کے بالخصوص اور عالمی دنیا کے بالعموم یکتا لیڈر ہیں جنہوں نے احترام انسانیت ، بین المسالک و بین المذاہب میں اخوت محبت پیار ادب و احترام اور ایک دوسرے کے مذہبی، سماجی، اخلاقی، معاشی حقوق کی بحالی کا علم بلند کیا ہوا ہے اور دنیا بھر میں امن، علم اور محبت کا پرچار کر رہے ہیں،مملکت خداداد میں مصطفوی نظام کے لئے شب و روز کوشاں ہیں اور ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب عوامی شعور بیدار ہوگا اورادارے مستحکم ہونگے،جہالت، کرپشن، نا انصافی، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کی نام نہاد اشرافیہ کے اقتدار کا سورج غروب ہوگا،صبحِ روشن ہوگی. امن اور انصاف کا طوطی بولے گا.رات کی کوکھ سے سحر پھوٹے گی ہر طرف امن و آتشی کا اجالا ہوگا۔معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں اور انہوں نے نہایت پرجوش انداز میں ایگزیکٹو باڈی اورتمام تر تنظیمات کا شکریہ ادا کیا،مشن کے ساتھ وابستگی کے عہد کی تجدید کی اور مشن کا سپاہی ہونا دنیا و آخرت میں ایک نعمت عظمی قرار دیا.درود و سلام کے بعد تمام شرکاء کے اعزاز میں نہایت شاندار عشائیہ دیا گیا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کی جانب سے کارکنوں کے اعزاز میں عشائیہ
Mar 01, 2018