اسلام آباد (صباح نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات نے وزارت اطلاعات کے سال 2018-19 ء کیلئے 2 ارب 74 کروڑ روپے کے ترقیاتی بجٹ کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ آئندہ مالی سال میں اسلام آباد ’’ اوپن ائیر تھیٹر ‘‘ بھی بنے گا ۔ پی ٹی وی پارلیمنٹ اور کڈز چینل بنیں گے ۔ ٹی وی پارلیمنٹ کے لیے تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ بدھ کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین پیر محمد اسلم بودلہ کی صدارت میں ہوا ہے۔ ثقافت اور فلم کے بارے میں پالیسی سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ ، سینما گھروں ، فلم کی تیاری میں معاونت اور فنکاروں کی فلاح و بہبود کو ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے ۔ فلم کی تیاری کے لیے آسان شرائط پر قرضے جاری کئے جائیں گے ۔ سینما گھر کی 70 فیصد لاگت حکومت ادا کرے گی اگر اس سینما گھر میں ٹکٹ کی قیمت صرف 200 روپے مقرر کی جائے۔ اسی طرح فنکاروں کے لیے امدادی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر امن معاشرے کے لیے ذہنوں کو تبدیل کرنا ہو گا ۔ اپنے معاشرے کی اقدار کا تحفظ کرتے ہوئے ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے پاکستان میں برصغیر کی تاریخی مسلمان شخصیات کے خلاف پدما وتی نامی بھارتی فلم کی پاکستان میں اجازت کو غلط قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اس کا نوٹس لیا تھا ۔ عدالت میں بھی معاملہ اٹھا ۔انہوں نے پاک چین ثقافتی معاہدے کے بارے میں بھی کمیٹی کو آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستانی فلمیں چین میں بھی دکھائی جا سکیں گی ۔ سیکرٹری اطلاعات و نشریات سردار احمد نواز سکھیرا نے بتایا کہ پاکستان کے ریاستی نشریاتی اداروں میں پاک چین اقتصادی راہداری کے بارے میں آگاہی اور سرحدی علاقوں میں اپنی اقدار کے فروع کو ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے ۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پی ٹی وی پارلیمنٹ کے لئے سینیٹ قومی اسمبلی سیکرٹریٹس مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ انفراسٹرکچر کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ جلد پی ٹی وی پارلیمنٹ قائم ہو جائے گا۔ اسی طرح انسداد منشیات سے متعلق اہم ڈرامہ تیار کر لیا گیا ہے۔ گڈز چینل کی تیاری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ اس چینل سے بچوں کو قرآن فہمی، تعلیم و تربیت، تحفظ کے حوالے سے نشریات دکھائی جائیں گی۔ پاکستانی رہن سہن کے مطابق بچوں کے لئے کارٹونز بنیں گے اور بچوں کی دلچسپی کے اوقات میں یہ دکھائے جائینگے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کمیٹی میں واضح کیا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی کی ایک باضابطہ عمل کے تحت تقرری ہوئی۔ بورڈز نے منظوری دی۔ تعیناتی کسی بددیانتی پر مبنی نہیںتھی۔ انہوں نے بتایا کہ سابق چیئرمین پی ٹی وی کے بیٹے 2007ء سے سکرپٹ رائٹر ہیں وہ چیئرمین کے دور میں تو نہیں آئے تھے۔ عطاء الحق قاسمی اپنے پروگرام کے کوئی پیسے نہیں لیتے تھے۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر وزارت اطلاعات و نشریات کے سال 2018-19ء کے لئے 2 ارب 74 کروڑ کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دیدی ہے۔