مصر:دو ٹرینوں کے تصادم میں 16 افراد ہلاک،40 زخمی

مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے شمال میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 16افراد ہلاک اور 40کے قریب زخمی ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق حادثہ مصر کے صوبے بہیرا میں ایک مسافر ٹرین اور مال بردار ٹرین کے آپس میں ٹکرانے کے باعث پیش آیا، حادثہ قم حمادا میں ایک ٹرین اسٹیشن کے باہر پیش آیا۔ایک عینی شاہد کا بتانا ہے کہ مسافر ٹرین کی دو بوگیاں ایک دوسرے سے علیحدہ ہوئیں اور مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئیں۔مصر کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی جگہ پر 30 ایمبولینسیں اور ریسکیو ورکرز موجود ہیں جو امدادی کارراوئیوں میں مصروف ہیں۔مصر کی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں بھی مصر کے ساحلی علاقے اسکندریہ میں ایک ٹرین حادثے میں 41 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔اس کے علاوہ 2002 میں بھی مصر کے جنوبی شہر میں ایک ٹرین میں آتشزدگی کے نتیجے میں 373 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن