مسلم لیگ(ن)نے بنی گالہ اراضی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے تک فریق نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف کے بنی گالہ میں گھر کی جعلی دستاویزات کا انکشاف ہواہے جس کے بعد (ن)لیگ کے اس معاملے میں فریق بننے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کے پنجاب ہائوس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن)کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ میں عمران خان کے بنی گالا سے متعلق قانونی ماہرین اور پار ٹی رہنمائوں سے مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن)نے سپریم کورٹ کے فیصلے تک کیس میں فریق نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی جائزہ لے گی کہ سپریم کورٹ اس مقدمے کی کارروائی کیسے چلاکر فیصلہ دیتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مقدمے کا فیصلہ میرٹ پر نہ ہونے کی صورت میں(ن)لیگ آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرے گی۔ذرائع کے مطابق نوازشریف نے قانونی ماہرین اور پارٹی رہنمائوں کومقدمے کی باریک بینی سے مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جعلسازی اور قول وفعل کے تضاد کو عوام کے سامنے نمایاں کریں۔