اپوزیشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کردیا، فوری واپس لینے کا مطالبہ

Mar 01, 2018 | 15:52

ویب ڈیسک

اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے فوری طور پر قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی خورشید شاہ نے بھی تیل کی قیمتوں میں اضافہ مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام سے جینے کا حق نہ چھینے اور اپنی کمزور گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لے۔اپنے بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوگا۔ حکومت عوام سے جینے کا حق نہ چھینے اور اپنی کمزور گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لے۔ حکومت جس نظام کو آگے لیکر چل رہی ہے اس میں امیر، امیر تر اور غریب، غریب تر ہورہا ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے اور ٹیکس کلیکشن میں اضافے کی بجائے عوام کو سزا دینے پر یقین رکھتی ہے اور ہم یہ اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی ایک اور کوشش کی ہے۔حکومت نے تیل کی قیمتوں میں تازہ ترین اضافے کے ذریعے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی ایک اور کوشش کی ہے۔ کتنے شرم کا مقام ہے کہ حکومت طاقتور طبقے سے تو ٹیکس لے نہیں رہی الٹا شریفوں اور اس قماش کے دوسرے لوگوں کو منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی وسائل لوٹنے کی کھلی چھوٹ دیے ہوئے ہے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت طاقتور طبقے سے تو ٹیکس لے نہیں رہی لیکن شریفوں اور ان جیسے دوسرے لوگوں کو منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی وسائل لوٹنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے ایک بار پھر نواز لیگ حکومت بے نقاب ہو گئی اور عوام دشمن چہرہ سامنے آ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو خوش رکھنے والی کوئی جمہوری حکومتیں ایسے اقدام نہیں اٹھاتیں، تیل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے طوفان کو دعوت دینا ہے جبکہ میٹرو ٹرین جیسے اوٹ پٹانگ منصوبوں نے معیشت پر اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کی ہے، سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اثر عوام پر پڑتا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن پالیسی کا نتیجہ ہے۔ادھر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور وفاقی حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرے۔اس سے قبل سابق صدر اورپاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کو ظالمانہ اقدام قرار دیا اور کہاکہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے غریب مشکلات کا شکار ہوگا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے نواز شریف کی نااہلی کا عوام سے انتقام نہ لیا جائے۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے غریب عوام مشکلات کا شکار ہوگی اور ضروریات زندگی کی اشیا مہنگی ہو جائیں گی ۔آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پیپلزپارٹی کے اراکین پارلیمنٹ میں سخت احتجاج کریں۔

مزیدخبریں