اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) بھارتی جارحیت سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی تینوں مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ میں اضافہ ہوا ہے۔ کوٹلی، کھوئی رٹہ، تتہ پانی سیکٹرز میں بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے جس میں متعدد بھارتی فوجیوں کے ہلاک اور بھارت کی پوسٹیں تباہ ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ کسی بھی بھارتی جارحیت سے نمٹنے کے لیے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے دستے ہائی الرٹ ہیں جب کہ فضائیہ اور بحریہ بھی مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی سرحد پر بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ اس صورتحال میں افواہ ساز فیکٹریوں سے ہوشیار رہیں اور اور سوشل میڈیا کے استعمال میں احتیاط برتیں۔