جعلی ڈگریاں دیکر تعلیمی اداروں میں زہر ڈالدیا: جسٹس عظمت

اسلام آباد+ لاہور (این این آئی، اپنے نامہ نگار سے) سپریم کورٹ نے سرگودھا یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اکرم کی درخواست ضمانت کی سماعت میں ریمارکس دیئے ہیں کہ جعلی ڈگریاں دیکر تعلیمی اداروں میں زہر ڈال دیا گیا ہے، ایسے لوگوں کو ڈگریاں دیں گئیں جو میٹرک بھی نہیں کر سکتے تھے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ یونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر نے اعتراف کیا کہ ہزاروں جعلی ڈگریاں دی گئیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر اکرم نے کئی کیمپس کھلوا دیئے۔ سرگودھا یونیورسٹی کیمپس کیسے کھول سکتی ہے۔ وکیل نے کہا کہ رولز میں کیمپس کھولنے کی اجازت ہے۔ ڈگریاں ڈاکٹر اکرم کے دور کے بعد جاری ہوئیں۔ جن کیمپس کی شکایت تھی ان کو بند کرادیا گیا تھا۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ ریفرنس میں کیا الزامات ہیں؟۔ سپیشل پراسیکیوٹر نے کہاکہ ریفرنس میں جعلی ڈگریاں، غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔ عدالت نے وکیل کو ریفرنس کی کاپی فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔ ادھر احتساب عدالت نے سرگودھا یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر سمیت 2 ملزموںکے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 14 مارچ کو دوبارہ طلب کرلیا۔ احتساب عدالت میں لاہور اور منڈی بہاء الدین میں غیرقانونی کیمپسز کھولنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن