اسلام آباد، تفتان، کراچی، ووہان (خصوصی نمائندہ ، شنہوا، نوائے وقت رپورٹ، نیٹ نیوز)کراچی اور اسلام آباد میں مزید 2 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کے دوران ملک میں مزید 2 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ نئے کیسز بھی کراچی اور اسلام آباد میں رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد انہیں قرنطینہ میں منتقل کردیا ہے ۔ گزشتہ کیسز کے حوالے سے معاون خصوصی نے بتایا کہ دونوں مریض صحت یاب ہو رہے ہیں جن میں سے ایک مریض کو جلد ہی ہسپتال سے فارغ کردیا جائے گا۔ محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ مریض حال ہی میں ایران سے واپس پاکستان پہنچا تھا اور ایران میں ہی مریض کو کرونا وائرس کا اثر ہوگیا تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مریض سے رابطے میں رہنے والے دیگر افراد کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی تھی کہ دونوں متاثرہ مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایران میں کروونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد حکومت بلوچستان نے ہنگامی طور پر ایران سے منسلک پانچ اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرکے اپنی سرحدوں کو مکمل طور پر بند کر دیا۔ حکام کے مطابق ایران سے آنے والوں میں 186 زائرین جبکہ 154 تاجر اور دیگر افراد شامل ہیں۔ جبکہ پاکستان ہائوس میں موجود 252 زائرین کو 15 دن تک قرنطینہ میں رکھنے کے بعد کوئٹہ روانہ کر دیا گیا۔ گزشتہ شب پاکستان آنے والے تین سو سے زائد مسافروں کو پاکستان ہاوس میں قرنطینہ میں 14 دن کیلئے رکھا گیا ہے۔ جہاں تک ہر 48 گھنٹے بعد اسکریننگ کی جائے گی حکام کے مطابق ایران میں 5 ہزار سے زائد زائرین موجود ہیں،، جنہیں واپسی پر 14 روز تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کورنا وائرس سے متعلق بلوچستان حکومت سے اقدامات اور انتظامات کی رپورٹ طلب کر لی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایران تفتان بارڈر سمیت بلوچستان بھر میں کورنا وائرس سے متعلق وزیر اعلیٰ بلو چستان جام کمال سے اقدامات اور انتظامات کی رپورٹ طلب کر لی۔ چین میں نوول کرونا وائرس کے باعث مزید47افراد ہلاک اور 427نئے مصدقہ مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2835جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 79ہزار 251 ہوگئی ہے جن میں سے 7664افراد کی حالت بدستور تشویشناک ہے ، جمہوریہ کوریا میںکرونا وائرس سے 3 مزید افراد ہلاک ہوگئے جس سے مجموعی ہلاکتیں 16 ہوگئیںجبکہ ملک میں مزید 594 مصدقہ مریض سامنے آ نے سے کل مریضوں کی تعداد 2ہزار 931 ہوگئی ہے ،چین نے ملک میں وبا کی روک تھام اور قابو پانے کے عمل کی مدد کیلئے فوجی بھرتیاں ملتوی کر دیںجبکہ چینی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں پرائمری اور مڈل سکولوں کو اس وقت تک نہیں کھولا جائے گا جب تک وبا پر بنیادی طور پر قابو نہ پا لیا جائے،امریکہ میں کرونا وائرس کے دوسرے کیس کی تصدیق ہوگئی، عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کیخلاف 10 بنیادی احتیاطی اصولوں کی نشاندہی کی ہے جن میں ہاتھوں اور بیرونی سطح کی باقاعدگی سے صفائی اور بخار یا زکام کی حالت میں سفر سے اجتناب شامل ہیں۔ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ میں 2 ہلاکتوں سمیت 94مصدقہ کیسز، تائیوان میں ایک ہلاکت سمیت 34 مصدقہ کیس سامنے آئے ہیں۔ جمہوریہ کوریا میں کووڈ-19کے ہفتہ کو مزید 594 مصدقہ مریض سامنے آگئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 2ہزار 931 ہوگئی ہے۔ سکولوں میں لازمی روک تھام اور انسداد کی صلاحیت موجود ہو اور اسکولوں میں اساتذہ ، طالب علموں کے تحفظ اور صحت عامہ کی حفاظت کی موثر طور پرضمانت دی جائے۔ جمعہ کو وزارت کی جانب سے جاری ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مقامی تعلیمی حکام اور اسکولوں کو نئے سمسٹر سے پہلے کی مدت میںپرائمری اور مڈل اسکولوں کے طلبہ کے لئے گھر میں مطالعے اور رہنمائی کو مستحکم کرنے کی خاطر مناسب نظام الاوقات وضع کرنے کا کہا گیا تھا۔ سرکلر میں کالجوں اور یونیورسٹیوں پر بھی زور دیا گیا کہ وہ اپنے آن لائن تدریسی منصوبوں کے اثرات کا اندازہ کریں اور ضرورت کے مطابق فیصلے کریں۔ سانتا کلارا کانٹی کے عوامی صحت کے ادارے نے امریکہ میں کرونا وائرس کے دوسرے کیس کی تصدیق کی ہے اور کہاہے کہ شمالی کیلی فورنیا میں نامعلوم مریض میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے سیاحتی ویزوں پر سات خلیجی ممالک کے باشندوں کی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں داخلے پر پابندی کا اعلان کر دیا۔ فرانس میں کرونا وائرس کے مزید 19 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد فرانس میں کرونا کے کل متاثرین کی تعداد 57 تک جا پہنچی۔ جاپان کی وزارت صنعت صارفین پر زور دیا ہے کہ کہ وہ آن لائن پھیلتی اْن جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب جاپان میں ٹائلٹ پیپر کی قلّت ہو سکتی ہے۔ کویتی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے ملک میں نیو کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 45 تک پہنچ گئی ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے سربراہ نے اقوام عالم پر زور دیا ہے کہ وہ مشرقی ایشیائی افراد کے خلاف تعصب کا مقابلہ کریں۔ نئے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں یورپ اور دیگرعلاقوں میں اس طرح کے تعصب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ قطرمیں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا۔ قطری وزارت صحت کے مطابق متاثرہ شخص حال ہی میں ایران سے واپس آیا تھا۔ کرونا وائرس سے متاثرہ شہری کی حالت تسلی بخش ہے علاج جاری ہے۔ علاوہ ازیں دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے باعث لوگ خوف کا شکار ہیں مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ اب اس وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں میں سے تقریباً نصف مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کرونا وائرس کے مجموعی طور پر 85 ہزار 683 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 46 فیصد سے زائد یعنی 39 ہزار 674 افراد صحت یاب ہو کر ہسپتالوں سے جا چکے ہیں جب کہ باقی 43 ہزار مریضوں میں سے 82 فیصد یعنی 35 ہزار 258 کی حالت خطرے سے باہر ہے۔اس وقت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے 7 ہزار 818 مریضوں کی حالت خطرے میں ہے۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال وہاڑی میں کرونا وائرس کی ایک مشتبہ مریضہ داخل ہو گئی جبکہ کرونا وائرس میں مبتلا مریضہ کی شناخت پروین زوجہ لال خان کے نام سے ہوئی، متاثرہ مبینہ مریضہ پروین وہاڑی کے نواحی گاؤں 555 ای بی کی رہائشی ہے اس موقع پر فوکل پرسن آئیسولیشن ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد جاوید نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے آئیسولیشن وارڈ قائم کر دیا گیا ہے، متاثرہ مریضہ کا بھتیجا دس دن پہلے چین سے واپس آیا تھا۔ متاثرہ مریضہ کے بھتیجے کا میڈیکل چیک اپ کرنے کے لیے ٹیم روانہ کردی گئی ہے جبکہ مریضہ کا علاج و معالجہ شروع کر دیا گیا ہے۔