جمبر/ پتوکی/ پھولنگر/قصور(نامہ نگاران/ نمائندہ خصوصی/نمائندہ نوائے وقت) پھولنگر کے نواحی علاقے جمبر کلاںکے قریب ملتان روڈ پر واقع گتا فیکٹری میں بوائلر پھٹ جانے سے زبردست دھماکہ کے باعث آگ لگ گئی۔ پانچ محنت کش مزدور بری طرح جھلس کر جاں بحق جبکہ دس زخمی ہوگئے۔ تین زخمیوں کی حالت نازک، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ۔ دھماکہ اتنا شدید تھاکہ رات کی تاریکی میں اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، موٹر وے پولیس اور ریسکیو1122کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ زخمیوں کی حالت نازک ہونے پر جناح ہسپتال لاہور میںداخل ۔ تفصیلات کے مطابق پھول نگر کے قریب ملتان روڈ پر واقع ملز میں ایک عرصہ سے گتہ کاغذ اور دیگر اشیاء تیار ہوتی ہیں جہاں سینکڑوں مزدورمختلف شفٹوں میں کام کرتے ہیں۔گزشتہ روز بھی فیکٹری میں کام جاری تھا کہ رات ڈیڑھ بجے فیکٹری کا بوائلر اچانک پھٹ جانے سے زور داراور زبردست دھماکہ ہوا جس سے بلاک کی چھت زمین بوس ہوگئی جس سے بوائلر شعبہ میں کام کرنے والے متعدد محنت کش بوائلر کے پھٹنے سے بری طرح جھلس کر زخمی ہو گئے جبکہ متعدد مزدور ملبے تلے دب گئے۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی سب سے پہلے ریسکیو 1122کا عملہ موقع پر پہنچا چوکی جمبر کلاں اور موٹر وے پولیس بیٹ جمبر کلاں کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور جاںبحق ہوجانے والوں کو مقامی ہسپتال اور ٹراما سینٹر پہنچایا۔ تین مزدوروں کی حالت خطرناک بتائی جاتی ہے۔ بوائلر دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں میں محمدشکیل ولد شریف، عدنان ولدعباس ساکنان اوکاڑا، مراتب علی ولد شریف بستی گلشن اڈا، عارف ولد رحمت علی سکنہ بلوکی شامل ہیں تاہم زخمیوں میں وحید ولد اشرف ساہیوال، ریاض ولد محمد حسین سارنگی پتوکی، مقبول احمد ولدشیخ محمد سکنہ مہتاب پور، ظہیر عباس ولد بشیر احمد بہڑوال، حافظ گوہر ولد غلام محمد، مشتاق ولد ولی محمد وغیرہ شامل ہیں۔ مقامی پولیس اور ایجنسیوں کے مطابق پھٹنے والا بوائلر دیسی ساخت کا تھا اور بہت پرانا ہوچکا تھا جس کو تبدیل کرنے کے متعلق متعدد بار مزدوروں نے بات بھی کی تھی مگر بے سود گئے یہاں یہ امر قابل ذکر ہے مذکورہ فیکٹری میں اس سے قبل بھی متعدد بار عملہ کی غفلت اور لاپروائی کی وجہ سے آگ لگ چکی ہے۔ اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر پتوکی آصف علی ڈوگر اور ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی جبکہ متعدد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر پھول نگر ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا۔ ڈی ایس پی پتوکی رضوان چیمہ ایس ایچ او سٹی نصراللہ بھٹی ایس ایچ او صدر لطیف گجر بھی موقع پر پہنچ گئے۔