حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ پرمشاورت کا آغاز کرے :اشرف بھٹی

لاہور( کامرس رپورٹر ) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ کو ٹیکس دہندگان کیلئے قابل قبول بنانے کیلئے مشاورت کا آغاز کرے اور ملک بھر میں ایسوسی ایشنز ، تاجر تنظیموں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی گول میز کانفرنسیںمنعقد کی جائیں،ٹیکس اکٹھا کرنے والے اداروں کے اندرکڑے احتساب کا نظام قائم کئے بغیر کبھی بھی مقررہ اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے ، امید ہے کہ ضلعی انتظامیہ اپنے وعدے کے مطابق تاجروں کے دیرینہ مسائل حل کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروںکے وفد کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ کے افسران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ انار کلی سمیت دیگر مارکیٹوں اوربازاروں میں تجاوزات اور پارکنگ کے دیرینہ مسائل کی وجہ سے کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ۔ اس حوالے ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کو اپنی تجاویز سے آگاہ کیا ہے اور انہوں نے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس اکٹھا کرنے والے اداروں کے ملازمین نئے ٹیکس گزاروں کو تلاش کرنے کی بجائے دفاتر میں بیٹھ کر پہلے سے ٹیکس دینے والوں کو نوٹسز دینے پر اپنی توانائیاں صرف کر رہے ہیں ۔ ٹیکس نیٹ میں نہ آنے والے نہ صرف اطمینان سے کاروبار کر رہے ہیں بلکہ انہیں کسی طرح کا خوف بھی نہیں ۔

ای پیپر دی نیشن