برازیل :پیدائش کے فوراً بعد دنیا کو دنگ کردینے والی بچی

برازیلیا(انٹرنیشنل ڈیسک)جب کسی بچے کی پیدائش ہوتی ہے تو وہ چیختا اور روتا ہے، مگر ایک بچی نے بالکل ہی مختلف طریقہ اختیار کیا اور دنیا کو دنگ کردیا۔برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو سے تعلق رکھنے والی ازابیلا پریرا کی پیدائش 13 فروری کو ہوئی تھی اور پیدائش کے بعد بچی نے رونے یا چیخنے کے بجائے ڈاکٹروں کو گھورنا شروع کردیا۔فوٹوگرافر روڈریگو کنسٹمان نے اس منظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا اور انہوں نے بتایا کہ لگ بھگ وہ اس منظر کو کھو چکے تھے۔ان کا کہنا تھا 'ڈاکٹر نے میری بہت زیادہ مدد کی، وہ بچی کو ماں سے ملارہی تھیں مگر میں نے بچی کے چہرے کا تاثر کمرے سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا'۔روڈریگو کنسٹمان ایک پیشہ ور فوٹوگرافر ہیں اور انہوں نے یہ تصویر فیس بک پر شیئر کی، جس کے بعد یہ وائرل ہوگئی۔فوٹوگرافر کا کہنا تھا کہ تصویر کی مقبولیت نے ان کی زندگی اور کیرئیر کو بدل دیا 'بچے کی پیدائش ایک منفرد لمحہ ہوتا ہے، میں خود کو خوش قسمت تصور کرتا ہوں، مجھے لگتا ہے جیسے میں نے لاٹری جیت لی'۔ادھر ازابیلا کی ماں ڈایانا ڈی جیسز باربروسا بھی نومولود بیٹی کے تاثر سے حیران رہ گئی تھیں اور انہوں نے برازیلین میڈیا کو بتایا 'میری بیٹی کی پیدائش لوگوں کے لیے تیار meme بن گئی ہے'۔فوٹوگرافر نے برازیلین میڈیا کو بتایا کہ ازابیلا نے کچھ دیر بعد گھورنا چھوڑ دیا تھا۔پیدائش کو صرف چند دن ہی گزرے ہیں مگر وہ بچی اب بھی اپنے تاثرات کا بہترین اظہار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اس کی ماں نے بتایا کہ جب اس نے دودھ پینا ہوتا ہے یا ڈائیپر بدلنے کی ضرورت ہو تو اس کی پیشانی پر بل پڑ جاتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن