ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں جاری فل ہاوس میلہ اختتام پذیر

Mar 01, 2020

لاہور(نمائندہ سپورٹس)پی ایس ایل کا ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں جاری فل ہاوس میلہ تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ ملتان میں ہونیوالے تین میچوں کو دیکھنے کے لیے ایک لاکھ سے زائد تماشائیوں نے سٹیڈیم کا رخ کیا۔جنوبی پنجاب کے کرکٹ لوورز کی میزبانی کے لیے ضلعی انتظامیہ نے مثالی انتظامات کئے تھے۔بہترین انتظامات کرنے پر ڈپٹی کمشنر عامرخٹک نے تمام محکموں کے افسران اورسٹاف ممبران کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ ضلع کی پوری مشینری اور تمام محکمے گزشتہ ایک ماہ سے پی ایس ایل کے انتظامات میں مصروف رہے۔ پی ایس ایل صرف کرکٹ نہیں بلکہ سفارتکاری بھی ہے۔ملتان سے پوری دنیا کو پیغام گیا ہے کہ ہم ایک پُرامن اور سپورٹس لوورز قوم ہیں۔ 34 کلومیٹر طویل پی ایس ایل روٹ کی صفائی کا سہرا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سر جاتا ہے جس کے 3 سو سے زائد سینٹری ورکرزنے شاہراہوں سے لیکر سٹیڈیم کے انکلوژرز تک چمکانے میں اہم کردار ادا کیا۔ میچوں کے دوران ریسکیو کی10 ایمبولنسز اور 6 فائر ٹینڈرز اور 2 سو ریسکیوورز ڈیوٹی پر موجود رہے۔عامر خٹک نے 60 بسوں پر مشتمل شٹل سروس چلانے کیلئے ویڈا بس سروس کی انتظامیہ اور اسکے 150 رکنی سٹاف کا شکریہ ادا کیا ہے۔ محکمہ صحت کی طرف سے قائم دو عارضی ہسپتالوں اور تین میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے۔پبلک پارکنگ سے سٹیڈیم تک سول ڈیفنس کے 210 مستعد اہلکارتعینات کئے گئے تھے۔سٹیڈیم کے سیوریج نظام کو درست کرنے کیلئے واسا نے اہم کردار ادا کیا۔ملتان سلطانز ٹیم کی طرف سے ملتان میں کھیلے جانیوالے تینوں میچ جیتنے پر پورے جنوبی پنجاب کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اگر ملتان سلطانز کی ٹیم پی ایس ایل فائیو کی چیمپئن بنی تو ملتان میں جیت کا جشن منایا جائے گا۔

مزیدخبریں