لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن محمد نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ بورڈ انتظامیہ کے غلط فیصلوں کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ تنازعات کا شکار ہے۔ لیگ کے گانے سے لیکر افتتاحی تقریب سمیت دیگر معاملات میں درست فیصلے نہ کرنے کی وجہ سے لیگ کی مکمل طور پر پاکستان آمد جیسے تاریخی موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا۔ ان تنازعات کی ذمہ داری مکمل طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی اعلیٰ انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ مختلف معاملات میں پسندیدہ افراد کو اہلیت سے ہٹ کر نوازا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے گانے اور پھر افتتاحی تقریب کے بعد بھی مسائل کا سامنا ہے۔ ہمسایہ ملک بھارت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات حکومتی سطح پر انتہائی کشیدہ ہیں۔ بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ ہر دوسرے کام میں بھارت سے لوگوں کو بلا رہا ہے۔ ہمارے ہاں ہر شعبے میں ماہر افراد موجود ہیں، صلاحیتوں کے اعتبار سے ہم کسی سے کم نہیں ہیں پھر کیا وجہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے افتتاحی تقریب کے لیے بھارتیوں کی خدمات حاصل کی ہیں۔ گزشتہ برس پی ایس ایل کے موقع پر بھی بھارتیوں کمپنی نے ایونٹ کے دوران ہمیں چھوڑ دیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس غیر معمولی جھکاؤ کی تحقیقات کی ضرورت ہے۔
بورڈ کے غلط فیصلوں سے سپر لیگ تنازعات کا شکا رہے : نعما ن بٹ
Mar 01, 2020