لاہور(نمائندہ سپورٹس )ملتان سلطانز کے جنوبی افریقی بلے باز رائیلی روسو نے شاندار جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کی تیز ترین سنچری بنانے کا کارنامہ انجام دے دیا۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے 12ویں میچ میں دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ہفتے کو جب رائیلی روسو میدان میں اترے تو ملتان سلطانز کی ٹیم کو تیزی سے رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا تھا لیکن رائیلی روسو نے میدان میں آتے ہی بازی پلٹ دی۔نامور جنوبی افریقی بلے باز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 43 گیندوں پر سنچری سکور کر کے پاکستان سپر لیگ کی تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔انہوں نے 44 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 10چوکے شامل ہیں۔اس سے قبل پاکستان سپر لیگ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ کیمرون ڈیلپورٹ کے پاس تھا جنہوں نے 49گیندوں پر تھری فیگر اننگز کھیلی تھی۔رائیلی روسو پاکستان سپر لیگ میں سنچری بنانے والے تیسرے غیرملکی بلے باز ہیں جہاں ان سے قبل کیمرون ڈیلپورٹ اور کولن انگرام بھی پی ایس ایل میں تین ہندسوں کی اننگز کھیل چکے ہیں۔دلچسپ امر یہ ہے کہ رائیلی روسو نے اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی چاروں ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی اور اس سال ان کی خدمات ملتان سلطانز نے حاصل کی تھیں۔