لاہور (نمائندہ سپورٹس )رائیلی روسو کی دھواں دھار سنچری کی بدولت ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دے دی۔پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے 12 ویں میچ میں ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا تاہم کوئٹہ کی ٹیم 7 وکٹوں پر 169 رنز بناسکی۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز ذیشان اشرف اور جیمز ونس نے کیا لیکن 23 کے مجموعی سکور پر ذیشان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔جیمز ونس بھی 29 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔گزشتہ میچ میں نصف سنچری سکور کرنے والے معین علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 6 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد شان مسعود اور رائیلی روسو نے وکٹ کے چاروں طرف شاندار سٹروکس کھیلے اور ٹیم کا سکور تیزی سے آگے بڑھایا۔شان مسعود 32 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن رائیلی روسو کا بلا رنز اگلتا رہا۔رائیلی روسو نے 43 گیندوں پر 6 بلندو بالا چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے پی ایس ایل کی تیز رفتار سنچری سکور کی اور وہ 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز سکور کیے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ اور سہیل خان نے 45، 45 رنز دیئے جبکہ بین کٹنگ نے 42 رنز کھائے اور ایک ایک وکٹ حاصل کی۔200 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے اور شین واٹس نے اچھا آغاز کیا تاہم 57 کے مجموعی سکور پر جیسن رائے 30 رنز بناکر بلاول بھٹی کا شکار ہوگئے۔کوئٹہ کی دوسری وکٹ 98 کے مجموعی سکور پر گری جب احسن علی 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد اعظم خان 6 اور بین کٹنگ 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آخری امید شین واٹسن 41 گیندوں پر 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کپتان سرفراز احمد 9 ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے تاہم تب تک میچ کوئٹہ کے ہاتھ سے نکل چکا تھا۔ وہ 4 گیندوں پر 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔مقررہ اوورز میں کوئٹہ 7 وکٹوں پر 169 رنز تک محدود رہی اور 30 رنز سے شکست اس کا مقدر بنی۔ملتان کی جانب سے بلاول بھٹی نے 3، عمران طاہر نے دو اور خوشدل شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی‘رائیلی روسو کومیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جبکہ احمد شہزاد کی جگہ احسن علی اور ٹائمل ملز کی جگہ انور علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ایونٹ میںآج ایک میچ کھیلا جائے گا۔ اسلام آباد یونائٹیڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں راولپنڈی میں مدمقابل ہونگی ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم پانچ میچ کھیل کر چار میں کامیابی حاصل کرکے 8پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے ۔
پی ایس ایل: روسوکی ریکارڈ ساز سنچری، سلطانز نے گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی
Mar 01, 2020