ہندوستان کے فاشزم سے معصوم کشمیریوں کو بچانے کیلئے اقدامات کرنا ہونگے: فاروق حیدر

Mar 01, 2020

اسلام آباد( نیو زر پور ٹر)وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ نریندر مودی 21ویں صدی کا ہٹلر ہے ۔ وزارت خارجہ کو پرپوزل دیا ہے کہ P5ممالک میں مستقل ’’کشمیر ڈیسکس‘‘ قائم کیے جائیں۔جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطہ میں جنگ کے خطرات منڈلاتے رہیں گے ۔ کشمیر کے معاملے پر بین الاقوامی دنیا کی ثالثی منظور ہے ۔ امریکی مفادات بھارت کے ساتھ وابستہ ہیں ، ٹرمپ کی پیشکش پر غور فکر کی ضرورت ہے ۔ بھارت کو سفارتی سطح پر شکست دینے کیلئے دنیا کے مہذب ممالک میں کشمیر کے حوالہ سے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ کشمیر ہندوستان کا اندرونی معاملہ نہیں ،یہ ڈیڑھ کروڑ انسانوں کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے جس پر اقوام متحدہ اور سیکورٹی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بین الاقوامی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ P5ممالک سمیت دنیا کے مہذب ممالک جنیوا، نیویارک ، برسلز ، سعودی عرب، ترکی، ملائیشیا، انڈنیشیا،یو اے ای میں کشمیر کے حوالہ سے مزید کام کرنے ضرورت ہے ۔ ہندوستان کے فاشزم سے معصوم کشمیریوں کو بچانے کیلئے مزید اقدامات کرنا ہونگے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس اگست میں ہندوستان نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈائون کا نفاذ کر دیا اور اس کے بعد سے آج تک مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کی اسی لاکھ آبادی پر 9لاکھ قابض بھارتی افواج تعینات ہے جو مقبوضہ وادی کے شہریوں پر اندوہناک مظالم ڈھاکر ان میں آزادی کی تڑپ ختم کرنا چاہتی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت میں تبدیلی کر ہندوستان باہر سے ہندئوں کو مقبوضہ کشمیر میں لاکر آباد کرنا چاہتا ہے کہ تاکہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کر سکے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس26فروری کو ہندوستان نے ایل او سی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے پہاڑوں پر بم گرائے جس کے جواب میں دنیا نے دیکھا کہ افواج پاکستان نے انڈیا کے دو طیارے مار گرائے اور انڈین پائلٹ کو حراست میں لے لیا۔ہندوستان لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیاں اور ایل ا و سی پر آباد معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہاہے ۔ گزشتہ برس 60سے زائدمعصوم شہری د ہندوستان کی فوج کی گولیوں کا نشانہ بنے اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔

مزیدخبریں