چین میں نوول کرونا وائرس کے باعث مزید 35افراد ہلاک اور573نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2870اور متاثرہ افراد کی تعداد79ہزار 824ہوگئی جن میں سے 7ہزار 365 افراد کی حالت بدستور تشویشناک ہے ۔اتوار کو چین کے صحت حکام نے کہا ہے کہ چین کی سرزمین پر ہفتہ کو نوول کرونا وائرس کے 573 نئے مصدقہ مریض سامنے آئے ہیں جبکہ مزید35 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ قومی صحت کمیشن نے بتایا کہ ہلاکتوں میں سے 34صوبہ ہوبے اور ایک ہینان میں ہوئی۔ کمیشن کے مطابق ہفتہ کو 132مزید مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ہفتہ کے ہی روز 2ہزار623 افرادکو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ شدید بیمار مریضوں کی تعداد 299کمی کے بعد 7ہزار 365 رہ گئی۔ہفتہ کے آخر تک چین کی سرزمین پرمصدقہ مریضوں کی تعداد79ہزار 824تک پہنچ گئی ہے۔ جن میں سے 35ہزار 329 افراد کا تاحال علاج کیا جارہاہے جبکہ کل 41ہزار625 افراد کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کیا جا چکا ہے اور مرض سے 2ہزار 870 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔کمیشن نے کہاکہ 851 افراد کے اب بھی وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہے،کمیشن نے کہاکہ مریضوں کے51ہزار 856 قریبی رابطہ کار تاحال طبی نگرانی میں موجود ہیں۔ ہفتہ کے8ہزار620 افراد کو طبی نگرانی سے فارغ کر دیا گیا۔ہفتہ کے آخر تک ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ میں 2 ہلاکتوں سمیت 95مصدقہ کیس، مکا خصوصی انتظامی علاقہ میں 10 مصدقہ کیس جبکہ تائیوان میں ایک ہلاکت سمیت 39 مصدقہ کیس سامنے آئے ہیں۔ ہانگ کانگ میں 33 مریضوں، مکا میں 8 اور تائیوان میں 9 مریضوں کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیاہے۔