شام کے صوبہ ادلب میں شامی اور روسی فوج کا مقابلہ کرنے والی ترک فوج کو ایک بار پھر امریکا کی مدد کی ضرورت پڑ گئی۔ ترکی نے ادلب میں لڑنے والے اپنے فوجیوں کے تحفظ اور دفاع کے لیے امریکا سے پیٹریاٹ میزائل فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ مولود جاووش اوگلو نے ایک بیان میں کہا کہ شمال مغربی شام میں لڑکے والے ترک فوجیوں کے دفاع کے لیے ہمیں پیٹریاٹ میزائلوں کی ضرورت ہے۔ توقع ہے امریکا جلد ہی ہمیں پیٹریاٹ میزائلوں کی بیٹریاں فراہم کرے گا۔ ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے امریکی ہم منصب سے بھی پیٹریاٹ میزائلوں کے بارے میں بات کی ہے۔ایک دوسرے سوال کے جواب میں ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں پناہ گزینوں کے بحران کے سلسلے میں عالمی برادری کی طرف سے خاطر خواہ مدد نہیں ملی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم شام کے بارے میں نیٹو سے واضح موقف کا انتظار کررہے ہیں۔مجھے لگتا ہے کہ ہمارا پیغام ان تک پہنچ گیا ہے۔مولود اوگلو کا کہنا تھا کہ شامی حکومت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتی اور ممنوعہ ہتھیاروں سے بے گناہ شہریوں پر بمباری کرتی ہے۔
ادلب میں لڑائی کے لیے ترکی نے امریکا سے پیٹریاٹ میزائل مانگ لیے
Mar 01, 2020 | 13:09