لاہور(خصوصی نامہ نگار) میاں ولید احمد شرقپوری‘ صاحبزادہ علی سجاد حیدر‘ مفتی انصرالقادری‘ دیوان احمد مسعود چشتی ‘ میاں ولید احمد شرقپوری اور پیر ارشد حسین گردیزی نے پیر طالب حسین گردیزی کی دینی وملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیر صاحب باعمل صوفی اور صاحب کردار عالم تھے‘ ان کی دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں‘ دو روزہ عرس کی آخری ومرکزی تقریب سے خطاب میںمفتی محمد انصرالقادری نے کہا ہے کہ پیر طالب حسین گردیزی ایک صاحب کردار اور ملت اسلامیہ کا درد رکھنے والے انسا ن تھے انہوں نے عمر بھر عقیدہ ختم نبوت کا دفاع کیا اور منکرین نبوت سے بر سر پیکار رہے اور عقائد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ۔لوگوں کے دلوں میں محبت اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام اجاگر کرنے کے لیے ہر وقت مصروف عمل رہے۔ پیر طالب حسین گردیزی القادری عاجزی وانکساری کا مرقع تھے اور ملت اسلامیہ کا درد رکھنے والے محب وطن دینی رہنما تھے پیر سید ارشد حسین گردیزی نے کہا کہ پیر طالب حسین گردیزی کی ناموس رسالت وختم نبوت کے لیے ان کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پیر میاں غلام قدیر نے کہا اسلامی لٹریچر کی ترویج واشاعت کے لیے پیر طالب حسین گردیزی بہترین کام کیا ۔وہ اولیاء کے مشن کے امین تھے۔صاحبزادہ پیر سید علی سجاد حیدر نے کہا پیر طالب حسین گردیزی ناموس رسالت پر اور ختم نبوت کے حوالے سے ہمیشہ اپنی رضا کارانہ خدمات پیش کیں اور اس سلسلے میں کسی بھی سطح پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا۔