میانوالی (نمائندہ خصوصی) وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے اپنے دورہ کندیاں کے موقع پر ریلوے سٹیشن جنکشن کندیاں اور لوکو شیڈ کندیاں میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ریلوے کو کرپشن اور بدعنوانیوں سے پاک منافع بخش ادارہ بنانے کاعزم لے کر آیا ہوں ریلوے اب یتیم اور لاوارث نہیں رہا اسکے وارث آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے عیاش حکمرانوں نے اپنی عیاشیاں پوری کرنے کیلئے ریلوے کو گِدھوں کی طرح نوچا اور اسکو ترقی کی بجائے تنزلی کی طرف دھکیلا ۔ اعظم سواتی نے کہا کہ ریلوے میں کرپٹ اور بدعنوان افسروں کو نہیں رہنے دوں گا صرف محکمہ ریلوے سے وفا اور محبت کام کرنے والے افسر ہی محکمہ ریلوے میں کام کر سکتے ہیں ریلوے میں بدعنوان افسروں کی فوج ظفر موج کی چھانٹی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ریلوے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا ہی ہے، بہت جلد ریلوے منافع بخش ادارہ بن جائیگا۔ انہوں نے مزیدکہا ریلوے میٹریل کی چوری اور افسر شاہی کی لوٹ مار کو روکنے کے لیے ہر ممکن انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، بوسیدہ ٹریک کی بحالی اولین ترجیح ہے،حادثات کی روک تھام کیلئے پشاور سے ملتان سیکشن کے ٹریکس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ڈی ایس پشاور، ڈی ٹی او ڈی پی اور مقامی ریلوے افسر بھی موجود تھے۔
ریلوے میں بدعنوان افسروں کی فوج ظفر موج ‘چھانٹی کرنے لگے ہیں:اعظم سواتی
Mar 01, 2021