کوئٹہ ایک مرتبہ مومینٹم حاصل کر لے پھر اسے ہرانا مشکل ہوگا،ڈوپلیسی

Mar 01, 2021

کراچی(اسپورٹس رپورٹر )پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل جنوبی افریقی بلے باز فاف ڈوپلیسی  نے کہا ہے کہ ایک بار گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مومینٹم حاصل کرلے پھر پاکستان سپر لیگ میں اسے ہرانا بہت مشکل ہو جائے گا،تین شکست کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ گلیڈی ایٹرز کے لیے ٹورنامنٹ ختم ہو گیا،پاکستان میں  اب سکیورٹی کا مسئلہ نہیں، کسی بھی موقع پر پاکستان میں غیر محفوظ محسوس نہیں کیا، یہاں سب کچھ ویسا ہی ہے جیسا دنیا کے کسی اور ملک میں ہو۔ اپنے ایک  انٹرویو میں فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ ابتدائی میچز میں کوئٹہ کی ٹیم اس پوزیشن سے میچ ہاری جہاں سے اسے میچز جیتنا چاہیے تھا، کہیں کنڈیشن نے ساتھ نہ دیا تو کہیں حریف نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، ڈیتھ اوورز کی بولنگ میں کچھ کمی رہ گئی تھی، امید ہے گلیڈی ایٹرز غلطیوں سے سبق سیکھیں گے اور بھرپور قوت کے ساتھ کم بیک کریں گے۔انہوں نے گلیڈی ایٹرز کے فینز سے کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں اور تحمل رکھیں، ٹیم جلد اچھے نتائج دے گی، ایک اچھی کارکردگی کے بعد مومینٹم حاصل ہو جائے گا اور پھر اس مومینٹم کو برقرار رکھیں گے، تین شکست کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ گلیڈی ایٹرز کے لیے ٹورنامنٹ ختم ہو گیا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں جو ٹیم ٹاس جیت رہی ہے وہی میچ بھی جیت رہی ہے اور کنڈیشنز کی وجہ سے ایسا یقینی بھی ہے لیکن ناکامیوں کی ذمہ داری ٹاس پر نہیں ڈال سکتے، کون جانے اگر ٹاس جیت کر کچھ اور نتیجہ ہوتا یا نہیں۔پاکستان میں سکیورٹی انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے سابق کپتان نے کہا کہ اب سکیورٹی کا مسئلہ ان کے ذہن میں ہے ہی نہیں، کسی بھی موقع پر پاکستان میں غیر محفوظ محسوس نہیں کیا اور ہمیشہ پاکستان میں قیام اچھا رہا جس کا اندازہ اس بات سے لگا لیں کہ چند ماہ میں تیسری بار پاکستان آیا ہوں، یہاں سب کچھ ویسا ہی ہے جیسا دنیا کے کسی اور ملک میں ہو۔فاف ڈو پلیسی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں جلد اور ٹیمیں اور ہر فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنے کے لیے آئیں گی اور بہت جلد یہاں ایک آئی سی سی ایونٹ دیکھنے کو بھی ملے۔

مزیدخبریں