سکاٹش عوام کے اعتماد پر پورا اتروں گا، انس سرور

لاہور (محمد اکرم چودھری) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے صاحبزادے انس سرورنے سکاٹش لیبر پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد  نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ میرا مقصد واضح ہے، میرا عزم خدمت ہے اور میں ہر حال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہوں۔ مسائل حل کرنے کے لیے ایمانداری، لگن اور تعمیری سوچ کی ضرورت ہوتی ہے۔ میں سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔ ہم برابری کی بنیاد پر ترقی کا سفر طے کریں گے۔ ہم محنت کرنے والے لوگ ہیں اور محنت سے جی نہیں چراتے۔ محنت ہمارے بزرگوں کی میراث ہے۔ انس سرور 2016 سے گلاسگو ریجن کے لیے سکاٹش پارلیمنٹ کے رکن ہیں۔ سکاٹش لیبر پارٹی کے سربراہ کا عہدہ گذشتہ ماہ پارٹی لیڈر رچرڈ لیونارڈ کے استعفے کے باعث خالی ہوا تھا۔ انس سرور کو ستاون جبکہ ان کے مدمقابل مونیکا نینن کو تینتالیس فیصد ووٹس پڑے۔ انس سرور کا کہنا تھا کہ ہمیں مسائل کا ادراک ہے اور ہم اتحاد کی فضا کو قائم رکھتے ہوئے ترقی اور بہتری کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ کرونا کی وجہ سے معیشت کو سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ عوام کی خدمت ہی کامیابی کی سیڑھی ہے۔ ایمانداری کامیابی کی بنیاد ہے اور ہم اسی بنیاد پر آگے بڑھیں گے۔ تمام کمیونٹیز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ یہ انتخاب میرے لیے امتحان ہے۔ اپنی پارٹی کے اعتماد پر پورا اترنا ہے۔ میری اپنی عوام سے محبت کسی عہدے کی محتاج نہیں ہے۔ میں پارلیمنٹ کا رکن ہونا اعزاز ضرور ہے لیکن یہ عہدہ نہ بھی ہو تو ہمیشہ سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہماری تربیت اور خاندانی روایات کا حصہ ہے۔  میں اپنے والد جو پاکستان میں پنجاب کے گورنر ہیں میں ان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں۔ وہ میری کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ برسوں سے والد  مستقل طور پر پاکستان میں عملی سیاست کا حصہ ہیں۔ وہ مٹی کا قرض چکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان بھی ترقی کرے گا۔  والد ضرور کامیاب ہوں گے۔ ترقی یافتہ پاکستان سکاٹ لینڈ میں بسنے والے پاکستانیوں کی خواہش ہے۔ یہاں رہنے والے پاکستانی اپنے ملک بارے بہت فکرمند رہتے ہیں۔ انس سرور کی کامیابی کے حوالے سے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ سکاٹش پارٹی کے سربراہ کی حیثیت سے انس سرور کا انتخاب باعث فخر ہے۔ یہ پاکستان کا روشن چہرہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ انس لیبر پارٹی کے لیے اثاثہ ثابت ہوں گے۔ وہ توقعات پر پورا اتریں گے۔ سکاٹ لینڈ کو جن مسائل کا سامنا ہے لیبر پارٹی انہیں حل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ ہم نے سکاٹ لینڈ میں ہمیشہ سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لیے کام کیا ہے۔ ہم لوگوں کو جوڑنے کے لیے کام کرتے ہیں۔ سکاٹ لینڈ ہو یا پاکستان ہر جگہ سیاست خدمت کے جذبے سے کرتے ہیں۔ کئی برسوں سے پاکستان میں موجود ہوں۔ پاکستان سے باہر رہ کر بھی ملک و قوم کی خدمت کرتا رہا ہوں۔ اب مکمل طور پر صرف اس سوچ کے ساتھ ملک کے سیاسی عمل کا حصہ ہوں کہ وطن کا قرض واپس لوٹانا ہے۔ اس ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے۔ ہم ملک کو کچھ تو واپس لوٹائیں۔ اپنے بچوں کو بھی ہمیشہ خدمت کا سبق پڑھایا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف سے لوگوں کو بہت توقعات ہیں۔ ہم عوامی مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ملک میں تحمل اور برداشت کی سیاست کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ذاتیات کو بھلا کر ملک و قوم کی بہتری کے لیے متحد ہونا چاہیے۔ انس سرور نے سکاٹ لینڈ میں بھی اتحاد کا پیغام دیا ہے۔ میں بھی اپنے تمام معزز سیاستدانوں کو اتحاد کا پیغام دیتا ہوں۔ 

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...